ہار سے مایوسی ہوئی، پاکستان ایک مضبوط ٹیم ہے: ولیمسن
ہار سے مایوسی ہوئی، پاکستان ایک مضبوط ٹیم ہے: ولیمسن
منگل 26 اکتوبر 2021 21:23
ہم اگلے چیلنج کے لیے اب خود کو تیار رکھیں گے: کین ولیمسن (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی20 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ’یہ ایک اچھی فتح تھی، اس سے ٹورنامنٹ میں ہمارے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ بولرز نے متاثر کن بولنگ کروائی خصوصاً شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے شاید 10 رنز اضافی دیے، لیکن کرکٹ میں ایسا ہوتا ہے۔ ہم نے جلد وکٹیں گنوائیں لیکن میں شعیب ملک اور آصف علی کو کریڈٹ دیتا ہوں۔ ہر میچ اہم ہے۔ ہم ہر میچ کو اس کو مطابق کھیلنا چاہتے ہیں کھیل کے تمام شعبوں میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔‘
دوسری جانب نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ ’بالآخر یہ مایوس کن ہے۔ ہمارا مقابلہ پاکستان کی اچھی ٹیم سے تھا اور میں انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی ٹیم بہت مضبوط ہے اور دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔‘
کین ولیمسن نے کہا کہ ’ہم اگلے چیلنج کے لیے اب خود کو تیار رکھیں گے۔‘
اس میچ میں بہترین کھلاڑی قرار دیے جانے والے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا تھا کہ ’ٹیم نے اچھی فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا اور بولرز کو مدد فراہم کی۔ مداحوں نے بھی اس فتح میں مسلسل حمایت کا اظہار کیا۔‘
حارث رؤف کا کہنا تھا کہ ’میں دو سال سے کھیل رہا ہوں۔ ہم دوسرے کی مدد کرتے ہیں، اپنے پلان ایک دوسرے کے ساتھ ڈسکس کرتے ہیں۔ اس سے ہمیں حوصلہ اور مدد ملتی ہے۔ میں لاہور قلندرز کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جس کی وجہ سے آج میں یہاں ہوں۔‘