کیا کترینہ کیف اور وکی کوشال رواں برس شادی کر رہے ہیں؟
کترینہ کیف نے کہا کہ وکی کوشال کے ساتھ رواں سال شادی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے (فائل فوٹو: فلم فیئر ڈاٹ کام)
بالی وڈ کی ’کیٹ‘ کترینہ کیف نے رواں سال کے آخر میں وکی کوشال کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وکی اور کترینہ رواں سال نومبر یا دسمبر میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور انہوں نے معروف ڈیزائنر سبیاساچی مکھرجی کو اپنی شادی کا جوڑا ڈیزائن کرنے کا کہا ہے۔
تاہم بالی وڈ لائف کے ساتھ انٹرویو میں کترینہ کیف نے کہا ہے کہ وکی کوشال کے ساتھ رواں سال شادی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
کترینہ کیف اور وکی کوشال کے تعلقات کی خبریں ایک عرصے سے گردش کر رہی ہیں تاہم دونوں کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
پیر کی رات وکی اور کترینہ نے سلیبریٹی مینیجر ریشما شیٹی سے ملاقات کی تھی جہاں وہ الگ گاڑیوں میں پہنچے تھے۔
رواں ماہ کے آغاز میں وکی کوشال کی فلم سردار اودھم کی سکریننگ کے موقع پر کترینہ کیف بھی موجود تھیں اور اس دوران دونوں کی گلے ملتے ہوئے ویڈیو کافی وائرل ہوئی تھی۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام سٹوریز میں بھی اس فلم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’کیا وژن ہے، ایک خوب صورت فلم، وکی کوشال ایک خالص ٹیلنٹ ہیں۔‘