پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپوں میں دو فوجی جوان ہلاک
فائرنگ میں لانس نائیک اسد اور سپاہی آصف ہلاک ہوئے ہیں (فوٹو: آئی ایس پی آر)
دہشت گردوں کی افغانستان کی طرف سے پاکستان کی سرحد پار کرنے کی کوشش ناکام بنانے پر فائرنگ کے تبادلے میں دو پاکستانی فوجی جوان ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 26 اور 27 اکتوبر کی درمیانی شب افغانستان سے دہشت گردوں نے پاک افغان سرحد پر لگی ہوئی باڑ عبور کرنے کی کوشش کی۔‘
بیان کے مطابق پاکستانی فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سرحد پار کرنے کی غیر قانونی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک اسد اور سپاہی آصف ہلاک ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ ’پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ افغان عبوری حکومت آئندہ پاکستان کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کی اجازت نہیں دے گی۔‘
’پاکستانی فوج دہشت گردوں کے خلاف ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور بہادر فوجیوں کی جانب سے دی گئی قربانیاں فوج کے عزم کو مزید مضبوط کریں گی۔‘
خیبر پختونخوا میں فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار ہلاک
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں منگل کی رات کو پولیس وین معمول کے گشت پر تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا جس میں چار پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس وین پر حملہ خیبر پختونخوا کے شہر لکی مروت میں ہوا ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری فی الحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔
صوبائی پولیس افسر عمر خان کا کہنا ہے کہ ’ملزمان کی تلاش جاری ہے، ہلاک ہونے والے افسران کی نماز جنازہ بدھ کی صبح کو ادا کر دی گئی۔‘