گریس سے بھرے ہاتھوں سے دھواں دھار بیٹنگ تک، آصف علی کی ویڈیو وائرل
ہفتہ 30 اکتوبر 2021 17:52
آصف علی نے افغانستان کے خلاف سات گیندوں پر 25 رنز کی اننگز کھیلی (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستانی کرکٹر آصف علی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ سے ناقدین کو چپ اور شائقین کو محظوظ کیا تو دو روز بعد افغانستان کے خلاف مزید جارحانہ بلے بازی سے اس تاثر کو مزید گہرا کر دیا۔
بھلا کسی کھلاڑی کی غیرمعمولی کارکردگی کا موقع ہو اور کھلاڑی بھی ایسا جو ماضی میں اپنی سلیکشن پر ہی تنقید کا شکار بنتا رہا ہو تو کون نہ چاہے گا کہ وہ اس کے متعلق زیادہ سے زیادہ جانے۔ پاکستانی شائقین کرکٹ نے آصف علی سے متعلق مزید جاننا چاہا تو کہیں یوٹیوب پر ان کے پرانے مگر تفصیلی انٹرویو اور کہیں فیس بک پر اس کے کلپس دیکھ دیکھ کر اپنے معلومات کو اپ ڈیٹ کیا۔
یوٹیوب پر موجود نصف گھنٹے سے زائد کی ویڈیو کے کئی کلپس فیس بک کے پیجز اور اکاؤنٹس پر بھی شیئر کیے گئے جس میں آصف علی اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران پیش آنے والی اونچ نیچ کا ذکر کر رہے ہیں۔
آصف علی نے تاپی لیکس نامی یوٹیوب چینل کو دیے گئے اپنے طویل ویڈیو انٹرویو میں بتایا کہ وہ جب سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز (ایس این جی پی ایل) کی جانب سے ایک ٹورنامنٹ کھیل کر واپس پہنچے تو ان کے باس کی جانب سے اتنا عرصہ غائب رہنے پر ناراضی کا اظہار کیا گیا۔ میں نے ملازمت سے نہ نکالے جانے اور سوچنے کی مہلت لی اور پھر انہیں جا کر بتایا کہ میں مزید کام نہیں کر سکتا۔
انٹرویو میں آصف علی نے بتایا کہ ایک مرتبہ ٹورنامنٹ میں شریک رہنے کے بعد انہیں 55 ہزار کا چیک ملا تو جیب میں رکھ کر سویا کہ کہیں کھو نہ جائے۔ اس وقت میری تنخواہ پانچ ہزار روپے تھی۔
فیصل آباد میں کلب کرکٹ کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے آصف علی نے کریز پر موجود سینئر ساتھی کھلاڑی کا تبصرہ شیئر کیا تو بتایا کہ مضبوط مخالف ٹیم کا دیا گیا 130 رنز سے زائد کا ہدف پورا کرتے ہوئے انہوں نے چند رنز بنائے باقی میں نے ہی پورے کیے۔
کرکٹ کی وجہ سے ملازمت چھوڑنے، معاشی پریشانیوں، ٹیپ بال کرکٹ کی جانب متوجہ ہونے اور قومی ٹیم تک پہنچنے میں مصباح الحق کے کردار کا ذکر خود آصف علی کی زبانی سن کر کئی شائقین کرکٹر کے ساتھ ساتھ مصباح الحق کی بھی تعریف کرتے رہے۔

پنجابی زبان میں دیے گئے انٹرویو میں آصف علی کا کہنا تھا کہ شادی سے قبل میری زندگی عام معمول کے مطابق تھی لیکن جب سے اللہ نے بیٹی کی دولت سے نوازا مجھے بہت کچھ ملا ہے۔
نرم لہجے میں کی گئی گفتگو کے دوران پاکستانی کرکٹر کا کہنا تھا کہ انہیں بیٹی ہی کی خواہش تھی اور اللہ نے وہی عطا بھی کیا۔
اس موقع پر ان سے پوچھا گیا کہ اب مشہور ہو گئے ہیں لوگ سیلفیاں لیتے ہیں کیا بھابھی کی طرف سے کوئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جس پر پہلے تو آصف علی نے بتایا کہ انہیں خواتین کے ساتھ سیلفیاں بنوانے سے منع کیا گیا ہے تاہم پھر ہنستے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ نہیں میں مذاق کر رہا ہوں۔
اپنے کیریئر میں سابق کرکٹر مصباح الحق کے کردار سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے ان سے بہت زیادہ رہنمائی لی ہے، وہ جیسے کہتے گئے میں وہی کرتا چلا گیا۔
سپورٹس جرنلسٹ اور مبصر کے ساتھ ساتھ پی سی بی کے لیول ٹو کوچ کے یوٹیوب چینل پر موجود انٹرویو میں آصف علی نے قومی ٹیم تک پہنچنے سے قبل کے مراحل کو تفصیل سے بیان کیا۔