Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شعیب ملک کو بتایا تھا کہ ایک اوور میں 25 رنز بنا سکتا ہوں: آصف علی

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے پاور پلے کا بھی اس طرح استعمال نہیں کیا جس طرح ہم نے سوچا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور افغانستان کے درمیان دبئی میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈکپ میچ کے ہیرو آصف علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے شعیب ملک کو بتایا تھا کہ وہ ایک اوور میں 25 رنز بنا سکتے ہیں۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آصف علی کا مزید کہنا تھا کہ جس اینڈ سے میں بیٹنگ کر رہا تھا اس طرف باؤنڈری چھوٹی تھی اور میں نے اپنے پارٹنر سے کہا تھا کہ میں اس اوور میں کر دوں گا۔
 آصف علی جس نے میچ کے 19 ویں اوور میں افغان بولر کریم جنت کو چار بلند بالا چھکے مار کر میچ پاکستان کے نام کر دیا نے کہا کہ ’جب میں کریز پرآیا تو صورتحال کا جائزہ لیا اور دیکھا کہ کن بولرز کے اوورز باقی ہیں اور فیلڈ کا جائزہ لیا۔‘
’میں نے شعیب ملک کو بتایا کہ نوین اچھی بولنگ کر رہا ہے لیکن اس اینڈ سے میں ایک اوور میں 25 رنز بھی بناسکتا ہوں۔ اس لیے میں نے اس کے لیے گیا۔‘
پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بولرز نے شروع میں بہت اچھی بولنگ کی لیکن میرا خیال ہے کہ ہم نے 10 سے 15 رنز زیادہ دیے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے پاور پلے کا بھی اس طرح استعمال نہیں کیا جس طرح ہم نے سوچا تھا لیکن آخر میں شعیب ملک اور آصف علی نے بہت ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
’جس طرح آصف علی نے پی ایس یل میں کئی اننگز کھیلا تھا تو میں بہت ہی پراعتماد تھا کہ وہ ہمیں کسی بھی مشکل سے نکالے گا۔‘
بابر کا مزید کہنا تھا کہ ‘ہم نے صورتحال کے مطابق بولنگ کرنی تھی۔ بولرز نے جس طرح اس پلان پر عمل کیا وہ داد کے مستحق ہیں۔ پچ سے سپنرز کو مدد مل رہی تھی اور آپ کو پتہ ہے افغانستان کے پاس دنیا کے بہترین سپنرز موجود ہیں تو وہ بھی اچھی بولنگ کر رہے تھے۔ میں آخر تک کریز پر رہنا چاہتا تھا لیکن بدقسمتی سے آؤٹ ہوگیا۔ تاہم جس طرح آصف علی نے میچ ختم کیا تو کریڈٹ ان کو جاتا ہے۔‘
افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی کا کہنا تھا کہ ہم نے شروعات اچھی نہیں کی گوکہ ٹارگٹ مناسب تھا تاہم کافی نہیں تھا۔
ان کے مطابق میچ سے پہلے ٹیم نے سوچا کہ اس پچ پر 150 اچھا سکور ہوسکتا ہے۔ ’ہم نے میچ آخر تک لے گئے۔‘
’میرا خیال ہے کہ راشد نے بلکل صیح وقت پر بولنگ کی اور اس وقت پاکستان کو ایک اوور میں آٹھ رنز سے زائد چاہیے تھے۔ لیکن آصف نے 19 اوور کو بہت ہی اچھا کھیلا ۔‘
محمد نبی کے مطابق میچ میں افغانستان کے لیے بہت سی مثبت چیزیں تھی۔ ’ہم نے آخر تک مقابلہ کیا اور اس نے ہمیں مزید میچز جیتنے کے لیے موٹیویشن دیا۔‘
 
 

شیئر: