Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی ہالز میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم، نئے کورونا ایس او پیز کیا ہیں؟

شادی ہالز کو پوری گنجائش کے ساتھ استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ ( فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں ریاض میونسپلٹی نے شادی ہالز اور تقریبات کے لیے کورونا سے متعلق نئے ایس او پیز جاری کیے ہیں۔
 بیان میں کہا گیا ہے کہ سماجی فاصلے کی پابندی ختم کرکے شادی ہالز پوری گنجائش کے ساتھ استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ریاض میونسپلٹی نے شادی ہالز سے متعلق نئے پروٹوکول میں یہ پابندی لگائی ہے کہ تمام شرکا ویکسین کی دونوں خوراکیں لیں اور توکلنا بارکوڈ استعمال کریں۔
 کارکنان کے لیے بھی ویکسین کی دونوں خوراکیں لینا ضروری ہے۔ شادی ہالز میں تمام وقت ماسک کی پابندی لازمی ہوگی۔ 
کارکن خواتین کو وقفے وقفے سے ہاتھ دھوتے رہنے اور نجی سامان کی الماریوں کی سینیٹائزنگ کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خواتین شادی ہالز میں آرائش کی سہولت حاصل کرسکتی ہیں البتہ بیوٹی پارلرز میں پروکوٹول کی پابندی کرنا ہوگی۔
کورونا ایس او پیز کے مطابق ہینڈل اور سطح کو سینیٹائز کرنے سے قبل صابن اور پانی سے صاف کرنا ہوگا اور یہ صفائی یومیہ بنیاد پر ہوگی۔
وزارت صحت کے متعلقہ ادارے (وقایہ) کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق سینیٹائزر نمایاں مقامات پر رکھے جائیں اور ٹوائلٹ کی صفائی کا مسلسل اہتمام کیا جائے۔ 
 بیرے، مہمانوں کو سروس فراہم کرتے وقت ماسک اور دستانے استعمال کریں، ڈسپوزیبل اشیا استعمال کی جائیں۔
مہمانوں میں سے کوئی بھی شادی ہال میں موجودگی کے دوران تنفس یا بخار کا عارضہ محسوس کرے تو پہلی فرصت میں انتظامیہ کو اس سے مطلع کرے۔ انہیں الگ تھلگ کردیا جائے۔
ریاض میونسپلٹی نے ہدایت کی ہے کہ استقبالیہ کی اہلکار خواتین عبایہ اور اس جیسی دیگر اشیا سے نمٹنے کے طریقوں سے واقف ہوں۔

شیئر: