رضا باقر کی سعودی مرکزی بینک کے گورنر سے ملاقات، مالی اعانت پر شکریہ
جمعرات 11 نومبر 2021 16:45
ڈاکٹر باقر نے سعودی سینٹرل بینک اور بینک انڈونیشیا کے گورنروں کو مختلف شعبوں میں سٹیٹ بینک کے حالیہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سٹیٹ بنک آف پاکستان کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر نے جدہ میں سعودی سینٹرل بینک (ایس سی بی) اور بینک انڈونیشیا (بی آئی) کے گورنروں سے ملاقات کی ہے۔
سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹر رضا باقر نے جمعرات کو یہ ملاقاتیں سعودی مرکزی بینک کی میزبانی میں منعقد ہونے والے اسلامک فنانس سروسز بورڈ (آئی ایف ایس بی) کے 15ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر کی ہیں۔
دونوں گورنروں سے الگ الگ ملاقاتوں میں اسلامی بینکاری، ڈیجیٹلائزیشن، اوپن بینکنگ اور مالی خدمات سے متعلق باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر باقر رضا سے ملاقات کے دوران دونوں بینکوں کے گورنروں نے اس وژن پر اتفاق کیا کہ ڈیجیٹل تبدیلی اسلامی فنانس کی توسیع میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور اس سے مالی شمولیت کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
سعودی سینٹرل بینک کے گورنر کے ساتھ ملاقات میں ڈاکٹر رضا باقر نے سٹیٹ بینک کو ڈپازٹ دینے اور تیل کی فنانسنگ کے تحت پاکستان کے لیے مالی اعانت کے حالیہ اعلان پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر باقر نے سعودی سینٹرل بینک اور بینک انڈونیشیا کے گورنروں کو اسلامی بینکاری، ڈیجیٹلائزیشن، مالی شمولیت اور کم لاگت قرضوں کے شعبوں میں سٹیٹ بینک کے حالیہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔