’منفرد لہجے کے بہترین اداکار‘ سہیل اصغر انتقال کر گئے
سہیل اصغر کو گذشتہ سال معدے کی تکلیف کے باعث ہسپتال داخل کرایا گیا تھا (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی کے مطابق ملک کے مشہور اداکار سہیل اصغر انتقال کر گئے ہیں۔
اداکار سہیل اصغر کو گذشتہ سال معدے کی تکلیف کے باعث ہسپتال داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کی سرجری ہوئی تھی۔
سہیل اصغر نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کی بہتر صحت کے لیے دعا کریں۔ ’مداحوں، دوستوں اور فیملی کے افراد میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اللہ نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے اور مجھے معجزوں پر پورا یقین ہے، مجھے پیار اور دعاؤں کی طاقت پر پورا یقین ہے۔‘
وزیر داخلہ شیخ رشید نے سہیل اصغر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سہیل اصغر کے انتقال پر بہت دکھ ہوا۔ وہ منفرد لہجے کے ایک انتہائی بہترین فنکار تھے۔ انہوں نے ٹی وی ڈراموں میں کئی لازوال کردار کیے۔ ڈرامہ ’خواہش‘ اور ’چاند گرہن‘ میں ان کی پرفارمنس آج بھی لوگوں کے دلوں میں تازہ ہے۔‘
سہیل اصغر کا شمار پاکستان کے سینیئر نامور اداکاروں میں ہوتا ہے۔ 1978 سے 1988 تک وہ ریڈیو میں اپنے فرائض نبھاتے رہے جس کے بعد انہوں نے تھیٹر میں اداکاری شروع کی۔
ان کے مشہور ڈراموں میں ’لاگ‘، ’پیاس‘، ’چاند گرہن‘، ’کاجل گھر‘ شامل ہیں۔
انہوں نے 2003 میں فلم ’مراد‘ کے ساتھ سینما انڈسٹری میں ڈیبیو کیا تھا۔