انڈین اداکارہ شلپا شیٹی اور شوہر راج کندرا پر فراڈ کا مقدمہ درج
اتوار 14 نومبر 2021 13:57
پونے کے ایک نوجوان نے شلپا شیٹی، راج کندرا اور کاشف خان پر دھوکہ دہی کا الزام لگایا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے شہر پونے میں ایک نوجوان نے الزام لگایا ہے کہ ان سے بالی وڈ کی اداکارہ شلپا شیٹی، ان کے شوہر راج کندرا اور ایس ایف ایل فٹنس کے ڈائریکٹر کاشف خان نے دھوکے سے ایک کروڑ 51 لاکھ انڈین روپے لیے ہیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ممبئی کی باندرا پولیس کا کہنا ہے کہ 25 برس کے یش نتن بارائی نے شکایت درج کروائی ہے کہ کاشف خان، شلپا شیٹی، راج کندرا اور دیگر افراد نے ان سے ایک فٹنس فرنچائز میں سرمایہ کاری کرنے کا کہا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ یش نتن کا پونے میں واقع اندراپرستھ میں ایک پلاٹ تھا جس پر مذکورہ افراد نے فٹنس فرینچائز کھولنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
مذکورہ افراد نے مبینہ طور پر یش نتن سے وعدہ کیا کہ اس کاروبار سے ملنے والے منافع میں انہیں حصہ دار بنایا جائے گا۔
یش نتن کے والد نے اس وقت 2014 میں، تین مہینے کے اندر کاشف خان کو ایک کروڑ 51 لاکھ انڈین روپے ادا کیے تھے۔
تاہم یہ پراجیکٹ کبھی شروع نہیں کیا گیا اور جب یش نتن نے اپنی رقم واپس مانگی تو انہیں دھمکی دی گئی۔
باندرا پولیس نے شلپا شیٹی، ان کے شوہر راج کندرا اور کاشف خان کے خلاف دھوکہ دہی، مجرمانہ دھمکی اور سازش کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
باندرا پولیس سٹیشن کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ ’ہم نے بارائی کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور ان کا مکمل بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے۔ ہم اب کیس کی تحقیقات کر رہے ہیں اور تمام دستاویزات اور بینک سٹیٹمنٹس کی تصدیق کر رہے ہیں۔‘
شلپا شیٹی کی راج کندرا سے 2009 میں شادی ہوئی تھی اور ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش 2012 میں ہوئی تھی۔ گذشتہ سال جوڑے کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوئی تھی۔
جے ایل سٹریم نامی ایپ کے مالک راج کندرا انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم راجستھان رائلز کے شریک مالک تھے۔ 2013 میں دہلی پولیس نے آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے حوالے سے ان سے پوچھ گچھ کی تھی۔