Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کا پاکستان کے لیے سب سے کم خطرے والے ’لیول ون‘ کا سفری نوٹس

اس سے قبل امریکی ادارے نے پاکستان کو لیول 2 کے ’درمیانے‘ خطرے کی فہرست میں رکھا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے پاکستان کا سفر کرنے والے امریکی شہریوں کے لیے ’لیول ون‘ کوویڈ 19 کا سفری نوٹس جاری کیا ہے، جو کہ تنظیم کی طرف سے طے کردہ صحت کے خطرے کی سب سے کم ممکنہ سطح ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستان میں حالیہ مہینوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور منگل کو مسلسل چوتھے دن 300 سے کم کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے چلائی گئی ایک بھرپور ویکسینیشن مہم کی وجہ سے پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ کم ہو گیا ہے، اس مہم میں 11 کروڑ 90 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک ملی ہے۔
اس سے قبل امریکی ادارے نے پاکستان کو لیول 2 کے ’درمیانے‘ خطرے کی فہرست میں رکھا تھا جبکہ برطانیہ میں پاکستان کو ستمبر میں ہائی رسک ریڈ لسٹ فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔
سی ڈی سی کی ویب سائٹ پر دستیاب محدود تفصیلات کے مطابق صحت کے نوٹس کی چار اقسام ہیں جو امریکہ کے اعلیٰ صحت کے ادارے کی طرف سے جاری کی جا سکتی ہیں: لیول 4: بہت زیادہ، لیول 3: ہائی، لیول 2: درمیانے اور لیول 1: کم۔
یہ سفری نوٹس ایک تنبیہہ کے ساتھ آیا ہے کہ ’یقینی بنائیں کہ آپ پاکستان کا سفر کرنے سے پہلے مکمل طور پر ویکسین کر چکے ہیں۔‘
سی ڈی سی کی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ ’مسافروں کو پاکستان میں سفارشات یا تقاضوں پر عمل کرنا چاہیے جس میں ماسک پہننا اور دوسروں سے 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا شامل ہے۔‘
پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے مرتب کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 216 نئے کورونا وائرس کیسز اور 6 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 1101 مریض اب بھی نازک نگہداشت میں ہیں۔
پیر کو این سی او سی کے اجلاس میں ’اہل افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک دینے کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا گیا تاکہ طویل مدتی منافع کے لیے آبادی کی قوت مدافعت کی سطح کو کافی حد تک بڑھایا جا سکے۔‘

شیئر: