نئی دہلی... عالمی نمبر ایک ٹیسٹ بولر رویندر جڈیجہ ایک سیزن میں 500 رنز بنانے کے علاوہ 50 وکٹیں لینے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔ جڈیجہ نے اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں 1000 رنز اور 100 وکٹوں کا ڈبل مکمل کیا تھا۔آل راونڈر جڈیجہ نے آسٹریلیا کے خلاف دھرم شالہ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 63 رنز کی اننگز کھیل کریہ کامیابی حاصل کی۔جڈیجہ کی سیزن میں 13 میچوں میں 556 رنز اور 71 وکٹیں ہو گئیں۔ اس سے پہلے کپل دیو اور آسٹریلیا کے مچل جانسن نے یہ کامیابی حاصل کی تھی۔کپل نے 13 میچوں میں 535 رنز کے علاوہ 63 وکٹیں حاصل کی تھیں۔جانسن نے 12 میچوں میں 527 رنز بنانے کے علاوہ 60 وکٹ لئے تھے۔جڈیجہ ایک سیزن میں رن بنانے اور وکٹ لینے کے معاملے میں ان دونوں کھلاڑیوں سے آگے نکل گئے ۔ جڈیجہ کا اس سیزن میں یہ 50 سے زیادہ چھٹا اسکور ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایک سیزن میں 50 سے زیادہ کے چھ اسکور بنا کر وراٹ کوہلی، مرلی وجے اور لوکیش راہل کی برابری کر لی ۔صرف چتیشور پجارا (12) نے ایک سیزن میں اس طرح کے زیادہ اسکور بنائے ہیں۔