سعودی سفیر کی سربراہی میں وفد کی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات
جمعرات 18 نومبر 2021 7:59
ملاقات میں کراچی میں 2011 میں سعودی سفارتکار پر دہشت گردی کے واقعہ کی تحقیقات جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ فوٹو: اے پی پی
پاکستان اور سعودی عرب نے کراچی میں 2011 میں سعودی سفارتکار پر دہشت گردی کے واقعہ کی تحقیقات جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے یقین دلایا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعہ میں ملوث تمام افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی سربراہی میں سعودی وفد نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں کراچی میں 2011 میں سعودی سفارتکار پر دہشت گردی کے واقعہ کی تحقیقات جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات انتہائی دیرینہ اور برادرانہ ہیں، پاک سعودی تعلقات تاریخی ہیں جن پردونوں ممالک کوفخر ہے، وزارت داخلہ کا پاک سعودی باہمی تعلقات کے فروغ میں کردار قابل ستائش ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے نئی تشکیل شدہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تیس دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی، دہشت گردی واقعہ میں ملوث تمام افردکو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی سفارتکار 2011 دہشت گردی واقعہ بہت افسوسناک تھا، پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد اور بھائی چارے پر قائم ہیں، سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ورکرز ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔
انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ورکرز کی دیکھ بھال پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سمیت وزارت کے دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔ سعودی وفد میں سعودی وزارت داخلہ کے افسران شامل تھے۔