پاکستان کے ساتھ گہرے اور مضبوط تعلقات ہیں: سعودی سفیر
جمعرات 11 نومبر 2021 16:55
سعودی سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ گہرے اور مضبوط تعلقات ہیں۔ فائل فوٹو ایس پی اے
پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے کہا ہے کہ شاہی عدالت کی جانب سے منظوری کے بعد پاکستان کو معاشی پیکج کے تحت رقوم کی ادائیگی کر دی جائے گی۔
سعودی سفیر نے جمعرات کو پاکستانی خبر رساں ادارے اے پی پی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ شاہی عدالت کی جانب سے منظوری دے دی جائے گی اور رقوم کی ادائیگی اور مؤخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر چند دنوں میں دستخط ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ ادائیگیوں میں توازن کے بحران سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب نے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر کی نقد فراہمی کا اعلان کیا تھا۔ علاوہ ازیں 1.2 ارب ڈالر کی مؤخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی کا بھی وعدہ کیا ہے۔
اے پی پی کے مطابق سعودی سفیر نے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو ’قریبی ملک‘ سمجھتا ہے جس کے ساتھ گہرے اور مضبوط تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور کئی موقعوں پر مدد کی ہے، پاکستان کے ساتھ تعلق کسی بھی حکومت کے برسراقتدار ہونے سے قطع نظر ہے۔
’ہمارا رشتہ پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ ہے اور ہم اسے برادر ملک سمجھتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے۔
سعودی سفیر نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں تعلق مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تین سالوں میں وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا تین مرتبہ سرکاری دورہ کیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے میں میڈیا کا بہت اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت ساری قابل فخر مثبت چیزیں ہو رہی ہیں جو ’حقیقی پاکستان‘ کا امیج دنیا کے سامنے پیش کرتی ہیں۔
پاکستان میں مثبت اقدامات کی بات کرتے ہوئے انہوں نے جے ایف 17 جنگی طیاروں کے علاوہ فیصل آباد میں موجود ہزاروں فیکٹریوں کا ذکر کیا۔
نواف بن سعیدالمالکی کو پاکستان میں بطور سفیر تعینات ہوئے آٹھ سال کا عرصہ ہو جائے گا۔