سعودی وزیر اسلامی امور کی انڈونیشی ہم منصب سے ملاقات
سعودی عرب اور انڈونیشیا کے تعلقات مضبوط اور بے حد اہم ہیں(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ ڈاکٹرعبداللطیف آل الشیخ سے انڈونیشیا کے وزیر مذہبی امور یاقوت خلیل قماس سے ملاقات کی ہے جو ان دنوں سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق انڈونیشیی وزیر مذہبی امور نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’سعودی عرب اور انڈونیشیا کے تعلقات مضبوط اور بے حد اہم ہیں۔ دونوں ملک ایک دوسرے سے تعاون کی پالیسی پر گامزن ہیں‘۔
انہوں نےکہا کہ ’سعودی عرب میانہ روی اوراعتدال پسندی کے فروغ ، حرمین شرہفین کی نگہداشت، زائرین کی خدمت اور ان کے لیے تمام وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔
انڈونیشی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ مملکت نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے جو حفاظتی تدابیر اختیار کیں اور زائرین کی سلامتی کا جتنا خیال رکھا اس کے مثبت اثرات جلد نمودار ہوں گے۔ مستقبل میں حجاج اور معتمرمین زیادہ تعداد میں ارض مقدس پہنچ سکیں گے‘۔
اس موقع پرسعودی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ’دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعاون کے منفرد رشتے موجود ہیں۔ دونوں اسلامی امور، میانہ روی اوراعتدال پسندی کے پرچار میں ایک دوسرے کا ساتھ دے رہے ہیں جبکہ انتہا پسندی، شدت پسندی اور نفرت کے بیانیے کا مقابلہ کررہے ہیں‘۔