مسجد الحرام میں تیسری سعودی توسیع کا 90 فیصد تعمیراتی کام مکمل
مسجد الحرام میں تیسری سعودی توسیع کا 90 فیصد تعمیراتی کام مکمل
اتوار 21 نومبر 2021 5:48
سعودی عرب میں حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام میں تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جو وقت مقررہ پرمکمل ہوجائے گا۔
عاجل نیوز کے مطابق مسجد الحرام میں جاری تعمیراتی کام کے حوالے سے ادارہ امور حرمین شریفین کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں کی جانے والی تیسری سعودی توسیع کا 90 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔
موجودہ توسعی مرحلے میں مسجد الحرام کے 6 مینار شامل ہیں۔ ادارے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئرمحمد بن سلیمان الوقدانی کا کہنا تھا کہ حرم مکی میں تعمیراتی کام معمول کے مطابق جاری ہے۔
شاہ عبدالعزیز دروازے پر تعمیر کیے جانے والی میناروں کا 88.5 فیصد جبکہ ان میناروں میں سنگ مرمر اور ان کی پالشنگ کے حوالے سے کام 98 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔
انجینئرالوقدانی نے مزید کہا کہ ’باب الفتح ‘ کے دونوں میناروں کا 87.3 جبکہ باب العمرہ کے میناروں کا 92.1 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
انہوں نےکہا کہ گزشتہ کورونا کے زمانے میں جب مسجد الحرام میں لوگوں کی آمد انتہائی محدود تھی تعمیراتی کام میں سہولت ہوئی اور اسے تیزی سے مکمل کیا گیا۔
واضح رہے گزشتہ برس کورونا وائرس کی وبا کے باعث کرفیو اور لاک ڈاون کی وجہ سے مسجد الحرام میں عام افراد کے داخلے پرمکمل پابندی عائد کی گئی تھی جس کی وجہ سے تعمیراتی کام میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہوئی اورتمام کام تیزی سے انجام دیا گیا۔