مسجد الحرام میں زائرین کے لیے 51 دروازے مختص
تمام دروازوں پر نگران افراد 24 گھنٹے ڈیوٹی دیتے ہیں۔
سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسجد الحرام میں نمازیوں کو آمد و رفت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 51 دروازے مختص کیے گئے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق حرمین انتظامیہ نے کہا ہے کہ دروازوں کا ادارہ مسجد الحرام کے تمام دروازوں کا نگران ہے۔ ضرورت کے وقت دروازے کھولے جاتے ہیں۔
ہر دروازے پر نگران تعینات ہوتے ہیں جو زائرین کو مسجد الحرام میں کھانے پینے کی اشیا اور دھاردار آلات لے جانے سے روکتے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام کے تمام دروازوں کے نام اور نمبر ہیں تاکہ زائرین کو آتے جاتے وقت دروازے کی شناخت میں آسانی ہو اور خصوصاً مسجد الحرام سے نکلتے وقت رہائش پر جانے کے سلسلے میں کسی قسم کی زحمت نہ پیش آئے۔
بیان میں انتظامیہ نے مزید کہا کہ تمام دروازوں پر نگران افراد 24 گھنٹے ڈیوٹی دیتے ہیں۔ یہ زائرین کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے دوچار ہونے کی صورت میں سعودی ہلال احمر سے رابطہ کر کے انہیں طبی امداد فراہم کرنے میں تعاون کرتے ہیں۔ متاثرین کو ہسپتال پہنچانے کے سلسلے میں ہلال احمر کے ساتھ رابطہ کرتے ہیں۔