Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں فراری موٹرسپورٹ فیسٹیول، کاروں کے شوقین دنگ رہ گئے

ریاض سیزن میں دس روزہ کار شو کے دوران فراری موٹر سپورٹ فیسٹیول دو دن جاری رہا۔ فوٹو: عرب نیوز
سعودی عرب میں دو روزہ فیراری موٹر سپورٹ فیسٹیول کے دوران ریسنگ گاڑیوں کی زبردست نمائش کے ساتھ پروفیشنل فارمولہ ون ڈرائیورز نے بھی شرکت کی جو مداحوں کی توجہ کا مرکز رہے۔
ریاض سیزن میں دس روزہ کار شو کے دوران فراری موٹر سپورٹ فیسٹیول دو دن جاری رہا جس میں کاروں کے شوقین افراد نے خصوصی دلچسپی لی۔
عرب نیوز کے مطابق یہ خطے میں سب سے بڑا کار شو رہا جس میں 600 سے زائد منفرد اور نایاب گاڑیوں کی نمائش کی گئی۔
آٹوموٹیو لائف سٹائل کمپنی ’سپیریئر آٹوموٹیو‘ کے بانی عبدالعزیز خاشقجی نے عرب نیوز کو بتایا کہ یہ ان کی زندگی کا حیرت انگیز تجربہ رہا۔ ’سعودی عرب ناقابل یقین طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے۔ شاہ سلمان اور ولی عہد نے موٹرسپورٹس اور کار ایونٹس میں مملکت کو سامنے لایا ہے۔‘
فیسٹیول میں فراری اونرز کلب سب کی توجہ کا مرکز رہا جو جدہ میں پیدا ہونے والے یاسر کامل سندھی نے شروع کیا تھا۔ اس کلب میں شامل تقریبا سو فراری کاروں کو ٹریک پر لایا گیا جہاں ان کے انجن کے شور اور رفتار سے تماشائی محظوظ ہوئے اور ڈرائیورز کو داد دی۔
عبدالعزیز خاشقجی نے بتایا کہ یہاں فراری کے انجن کی آواز کسی سمفنی اور آرکسٹرا کی طرح ہے جو ٹریک پر دوڑ رہی ہیں۔ ’یہ ایک ناقابل یقین چیز ہے جو یہاں ہو رہی ہے۔‘
اس فیسٹیول میں فراری کے کئی نئے ماڈل بھی تھے جو صرف ریس میں شامل ہو سکتے ہیں اور جن کو سڑک پر لانا قانونا ممنوع سمجھا جاتا ہے۔
ان کاروں کے وی 12 انجنوں کی چنگھاڑتی آواز سے فیسٹیول کا مقام گونج رہا تھا اور شائقین کے لیے یہ ایک غیرمعمولی تجربہ تھا۔

شیئر: