Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لفظ ’ویکسین‘ 2021 کا ’ورڈ آف دی ایئر‘ قرار، سب سے زیادہ سرچ کیا گیا

پیٹر سوکولوسکی نے کہا کہ ’2021 میں ہر روز ہمارے ڈیٹا میں یہ لفظ بہت اوپر رہا۔‘ (فوٹو این بی سی)
مریم ویبسٹر ڈکشنری نے ’ویکسین‘ کو 2021 کا لفظ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رواں برس سب سے زیادہ تلاش کیا جانے والا لفظ تھا۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مریم ویبسٹر کے ایڈیٹر پیٹر سوکو لوسکی نے کہا کہ ’2021 میں ہر روز ہمارے ڈیٹا میں یہ لفظ بہت اوپر رہا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ کہانیاں بیان کرتا ہے۔ ایک کہانی یہ کہ ویکسین بہت تیزی سے بنا لی گئی اور دوسری کہانی میں پالیسی، سیاست اور سیاسی وابستگی جیسی بحث بھی ہے۔‘
مریم ویبسٹر ڈکشنری میں لفظ ویکیسن کی تلاش 2020  کے مقابلے میں 601 فیصد بڑھی جب امریکہ میں ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی۔
پیٹر سوکولوسکی کا کہنا ہے کہ ’رواں برس اس لفظ کی تلاش 2019 کے مقابلے میں 1048 فیصد زیادہ  رہی۔ ویکسین کی غیرمساوی تقسیم، ویکسین لگوانے میں ہچکچاہٹ، ویکسین پاسپورٹ اور ویکسین لگوانے جیسے موضوعات کی وجہ سے لوگوں کی اس لفظ میں دلچسپی رہی۔‘
انہوں نے کہا کہ لفظ ویکسین ایک دن میں پیدا نہیں ہوا۔ اس لفظ کا پہلا استعمال 1882 میں ہوا، بلکہ اس کے حوالے اس سے پہلے بھی ملتے ہیں۔ ویکسینیشن لفظ کے استعمال کا حوالہ 1714 سے ملتا ہے۔
دیگر ڈکشنریز ایک کمیٹی کے ذریعے ’ورڈ آف دی ایئر‘ منتخب کرتی ہیں، جبکہ ویبسٹر کا انتخاب اس بات پر ہوتا ہے کہ کسی لفظ کو کتنا تلاش کیا گیا۔
یہ کمپنی 2008 سے ورڈ آف دی ایئر کا انتخاب کر رہی ہے۔
لفظ ویکسین کے بعد مریم ویبسٹر ڈکشنری پر جن الفاظ کو بہت تلاش کیا گیا ان میں انسریکشن، انفراسٹرکچر، پرزروینس اور نو میڈ شامل ہیں۔

شیئر: