Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا ویکسین کی وجہ سے وبا کے پھیلاؤ میں 40 فیصد تک کمی ہوئی‘

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ’ویکسینز جانیں بچاتی ہیں لیکن وہ بیماری کی منتقلی کو مکمل طور پر نہیں روکتیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ ’کورونا ویکسین کی وجہ سے وبا کے پھیلاؤ میں 40 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے بدھ کو کہا کہ ’لوگ کورونا ویکسین کے حوالے سے تحفظ کے غلط احساس کا شکار ہورہے ہیں۔‘
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم کا کہنا ہے کہ ’ویکسین شدہ کئی افراد سمجھتے ہیں کہ شاید ویکسین لگوانے کے بعد انہیں مزید کسی اور حفاظتی تدبیر کی ضرورت نہیں ہے۔‘
’ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوانے والے افراد کو وائرس سے بچنے اور اس کی دوسروں میں منتقلی روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے رہنا چاہیے۔‘
ٹیڈروس نے یہ بتاتے ہوئے اصرار کیا کہ ’زیادہ متعدی ڈیلٹا کا مطلب ہے کہ ویکسینز اس وائرس کے پھیلاؤ کے خلاف اتنی موثر نہیں۔‘
ٹیڈروس نے رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں تحفظ کے اس غلط احساس کے حوالے سے تشویش ہے کہ ویکسین نے وبا کو ختم کردیا ہے اور جن افراد نے  ویکسین لگوا لی ہے انہیں کوئی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ویکسینز جانیں بچاتی ہیں لیکن وہ بیماری کی منتقلی کو مکمل طور پر نہیں روکتیں۔’
’اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ ڈیلٹا کی قسم کی آمد سے پہلے، ویکسینز نے وبا کے پھیلاؤ کو تقریباً 60 فیصد تک کم کردیا تھا۔ ڈیلٹا کے آنے کے بعد یہ شرح تقریباً 40 فیصد تک گر گئی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’زیادہ تیزی سے منتقل ہونے والی ڈیلٹا کی قسم اب پوری دنیا میں بہت زیادہ غالب ہے۔‘

دنیا میں اب تک کورونا ویکسین کی 7 ارب 78 کروڑ 35 لاکھ 60 ہزار سے زائد خوراکیں لگ چکی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ٹیڈروس ایڈہانوم نے مزید بتایا کہ ’اگر آپ کو ویکسین لگائی جاتی ہے، تو آپ کو شدید بیماری اور موت کا خطرہ بہت کم ہوجاتا ہے لیکن پھر بھی آپ کو وائرس منتقل ہونے اور دوسروں کے اس سے متاثر کرنے کا خطرہ موجود رہتا ہے۔‘
’ہم یہ واضح طور پر نہیں کہہ سکتے، یہاں تک کہ اگر آپ کو ویکسین لگائی گئی ہے تو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے رہیں تاکہ آپ وائرس سے متاثر ہوں اور نہ کسی اور کو متاثر کریں جو اس سے مر بھی سکتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ چہرے کا ماسک پہننا، فاصلہ برقرار رکھنا اور ہجوم سے بچنا چاہیے، اور دوسروں سے باہر یا صرف ہوادار اندرونی جگہ پر ملنا چاہیے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 25 کروڑ 91 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
’کورونا کی وبا سے اب تک دنیا میں 51 لاکھ 71 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔‘
دنیا میں اب تک کورونا ویکسین کی 7 ارب 78 کروڑ 35 لاکھ 60 ہزار سے زائد خوراکیں لگ چکی ہیں۔

شیئر: