اسلام آباد ... او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کے وفد نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا۔ صدر مسعود خان اور وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وفد کو کشمیر میں ہندوستانی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وفد نے مہاجر کیمپوں کا دور ہ بھی کیا۔ترجمان کے مطابق وفد نے حریت قیادت سے بھی ملاقات کی۔وفد کو آگاہ کیا گیا کہ ہندوستانی فورسز لوگوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے بھی روک رہی ہیں۔بچوں کو اسکول جانے کی اجازت بھی نہیں۔ ہندنے کشمیر کو دنیا کا سب سے بڑا فوجی زون بنادیا۔ ہر17 شہریوں کی نگرانی کیلئے ایک فوجی تعینات ہے۔ترجمان کے مطابق انسانی حقوق کمیشن کا دورہ آزاد کشمیر کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کو عملی جامہ پہنانے اور کشمیری عوام کی پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت کے عزم کا عکاس ہے۔