بحرین گارڈز کے سربراہ کی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ملاقات
اس ملاقات میں افغانستان کے تازہ ترین سکیورٹی معاملات، دوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
بحرین کے نیشنل گارڈز کے چیف آف سٹاف میجر جنرل شیخ عبدالعزیز بن سعود الخلیفہ کی پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی ہے۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق راولپنڈی میں فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں منگل کو ہونے والی اس ملاقات میں افغانستان کے تازہ ترین سکیورٹی معاملات، دوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔
پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی روایت کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔
بحرین کے نیشنل گارڈز کے چیف آف سٹاف میجر جنرل شیخ عبدالعزیز بن سعود الخلیفہ نے افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عندیہ دیا۔
پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے افغانستان کی صورت حال اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔