پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے: فواد چوہدری
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے: فواد چوہدری
جمعرات 2 دسمبر 2021 15:59
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ہوں گے (فوٹو: اردو نیوز)
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب کا نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ اگلے چند روز میں منظور ہو جائے گا اور انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابی پر اتحادیوں سے ساتھ مشاورت کی گئی ہے۔
فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
’الیکشن کمیشن کو حکومت کی جانب سے جو مدد چاہیے ہوگی وہ فراہم کی جائے گی۔‘
فواد چوہدری نے اس تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ای وی ایم پر الیکشن مہنگے ہو جائیں گے۔
’الیکٹرانک ووٹنگ میشن کی بدولت لانگ ٹرم میں انتخابات سستے ہوں گے۔‘ اپوزیشن کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ اس میں شامل جماعتوں کے کرتوتوں کی وجہ سے آج مہنگائی ہے۔
’اپوزیشن تھکے ہوئے پہلوانوں کا گروہ ہے۔‘
فواد چوہدری نے مہنگائی کے حوالے سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مہنگائی پر بات کرنے سے قبل سسٹم کو سمجھیں۔
’جب انہوں نے پٹرولیم کی وزارت سنبھالی، ایک روپے کا قرضہ نہیں تھا، اور جاتے ہوئے 157 ارب کا قرضہ چھوڑ کر گئے۔‘ وزیر اطلاعات نے حکومت کے صحت کارڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس پر بلوچستان نے آمادگی ظاہر کی، تاہم سندھ نے نہیں کی۔
’عوام کی سہولت کے معاملے میں سندھ حکومت کا کردار اینٹی پیپل ہے۔‘ انہوں نے سندھ حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ شاید یہ ہے کہ اس میں وزرا کو نہیں عام لوگوں کو فائدہ ہو گا۔
فواد چوہدری کے مطابق اجلاس میں مہنگائی پر بھی غور کیا گیا۔
ان کے مطابق مہنگائی کی بڑی وجہ پچھلی حکومتوں کی پالیسیاں ہیں۔