’سردیوں میں بجلی پر ہیٹر چلانے والوں کو ریلیف ملے گا‘
’سردیوں میں بجلی پر ہیٹر چلانے والوں کو ریلیف ملے گا‘
منگل 5 اکتوبر 2021 22:09
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’سردیوں میں گیس کے بجائے بجلی کے آلات استعمال کرنے والوں کو ریلیف دینے کا فارمولا بنایا گیا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی تقرری کے لیے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مشاورت ایسے ہی ہے جیسے چور سے پوچھا جائے کہ تفتیشی کس کو بنائیں۔
منگل کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’شہباز شریف نیب کے کیسز کے ملزم ہیں، ان سے مشاورت نہیں ہو سکتی۔‘
’ہونا یہ چاہیے تھا کہ اپوزیشن کسی اور کو اپوزیشن لیڈر بناتی تو مشاورت ہو سکتی تھی۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عید میلادالنبی کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں کمی کا اعلان کیا جائے گا۔
کابینہ اجلاس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’ای ووٹنگ کے حوالے سے ڈاکٹر بابر اعوان نے بریفنگ دی۔‘
فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اجلاس میں پنڈورا پیپرز پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور اس حوالے سے وزیراعظم انسپکشن کمیشن کے تحت سیل قائم کیا گیا ہے۔‘
’جن 700 پاکستانیوں کے نام سامنے آئے ہیں ان کے لیے چار کیٹگریز بنائی گئی ہیں۔‘
انہوں نے ایک ایسے فارمولے کا ذکر بھی کیا جس کے مطابق سردیوں میں گیس کے بجائے بجلی پر ہیٹر اور دیگر آلات چلانے والوں کو ریلیف ملے گا۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ’اجلاس میں ای ووٹنگ کے حوالے سے قانون سازی کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ مشترکہ اجلاس میں کی جائے گی۔‘
فواد چوہدری نے انتخابات سے قبل نئی مردم شماری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔‘
’مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں بھی کی جائیں گے۔‘
انتخابی اصلاحات کے حوالے سے انہوں نے اپوزیشن کے رویے کو ’سمجھ سے بالاتر‘ قرار دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ اگر اسے حکومت کی اصلاحات پسند نہیں تو اپنی اصلاحات لے آئے۔
وزیراعظم کی جانب سے ایک کروڑ نوکریاں دینے کے اعلان کے تناظر میں پوچھے گئے سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’ہم تین سال میں ایک کروڑ سے زائد نوکریاں دے چکے ہیں۔‘
انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے جلسے جلوسوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہ ’اسے وہاں رونے دھونے کے بجائے پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔‘
نیب چیئرمین کی تقرری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر فواد چوہدری نے بتایا کہ ’اس حوالے سے آرڈیننس لایا جا رہا ہے۔‘