عمرہ زائرین ’قدوم‘ پلیٹ فارم پر اندراج کرائیں
آسانیاں پیدا کرنے کےلیے مصنوعی ذہانت سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے زائرین کےلیے حج و عمرہ میں آسانیاں پیدا کرنے کےلیے مصنوعی ذہانت سے بھرپور استفادہ کیا ہے۔
الوطن اخبار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وبا پھیلنے پر حج و عمرہ زائرین کی سہولت کےلیے متعلقہ اداروں نے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا۔۔ ڈیجیٹل کڑا، سمارٹ کارڈز ، ہیلتھ ایپلیکیشنز، روبوٹس، سمارٹ سکرینز اور مختلف کاموں میں ڈیجیٹل سسٹم سے استفادہ کیا گیا ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ ’مصنوعی ذہانت سے استفادے کی بدولت سہولتوں کا معیار بلند ہوا اور حج و عمرہ زائرین کے کام تیزی سے کیے جانے لگے ہیں‘۔
معاون سیکریٹری حج و عمرہ و ترجمان انجینیئر ہشام سعید نے بتایا کہ’ وزارت نے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے بھر پور فائدہ اٹھایا ہے۔ اعتمرنا ایپ کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا تاکہ زائرین عمرہ، مسجد الحرام اور روضہ شریفہ میں نماز کے اجازت نامے آسانی سے حاصل کر سکیں‘۔
ہشام سعید نے بتایا کہ’ بیرون مملکت سے آنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ مملکت پہنچنے پر (قدوم) پلیٹ فارم پر اندراج کرائیں اور پھر اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامے حاصل کریں‘۔
وزارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ’ وزارت کا انٹرنیشنل عمرہ نیٹ ورک موثر اور تیز رفتار ہے۔عمرہ کمپنیاں اور ادارے قانون کے دائرے میں اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں‘۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہر سعید الدویغری نے بتایا کہ ’عمرہ زائر کےلیے توکلنا اور اعتمرنا ایپ ڈاون لوڈ کرنا ضروری ہے، اس سے زیارت، عمرے اور نماز کے اجازت نامے حاصل کیے جاسکتے ہیں‘۔