’اگلی وبا کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے‘
پروفیسر سارہ گلبرٹ نے کہا کہ ’اومی کرون ویریئنٹ تبدیل ہوتا ہے۔‘ (فوٹو اے ایف پی)
کورونا ویکسین بنانے والی کمپنی ایسڑا زینیکا نے کہا ہے کہ مستقبل میں آنے والی وبائیں کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہو سکتی ہیں۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی میں ویکسینالوجی کی پروفیسر سارہ گلبرٹ نے کہا کہ ’یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ وائرس نے ہماری زندگیوں کو متاثر کیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سچ یہ ہے کہ اگلی وبا سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ وہ زیادہ پھیل سکتی ہے یا زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے یا یہ دونوں چیزیں ہو سکتی ہیں۔‘
’جس صورتحال سے ہم اب گزر رہے ہیں ایسا دوبارہ نہیں ہونا چاہیے۔ ہم نے جو پیش رفت کی ہے اور جو علم حاصل کیا ہے اسے رائیگاں نہیں جانا چاہیے۔‘
پروفیسر سارہ گلبرٹ نے کہا کہ ’اومی کرون ویریئنٹ تبدیل ہوتا ہے جس کی وجہ سے وائرس زیادہ پھیلتا ہے۔‘
’کچھ اضافی تبدیلیاں ہیں جن کا مطلب ہے کہ ویکسین سے پیدا ہونے والی اینٹی باڈیز اومی کرون سے بچانے میں کم موثر ہو سکتی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب تک ہمیں زیادہ معلومات حاصل نہیں ہوتیں ہمیں محتاط رہنا چاہیے اور کورونا کی نئی قسم کو روکنے کےلیے اقدامات کرنے چاہیں۔‘
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس سے پانچ کروڑ 26 لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور معیشتوں کو کھربوں ڈالرز کا نقصا ہوا ہے۔