’ویکسین نہیں لگوائی‘ لیکن فہرست میں پرینکا، اکشے، مودی کا نام شامل
’ویکسین نہیں لگوائی‘ لیکن فہرست میں پرینکا، اکشے، مودی کا نام شامل
منگل 7 دسمبر 2021 19:22
واقعے کے بعد دو کمپیوٹر آپریٹرز کو معطل کر دیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی ریاست بِہار کے ایک ضلعے کے طبی مرکز کی ویکسین شدہ افراد کی فہرست میں وزیراعظم نریندر مودی، سونیا گاندھی اور پرینکا چوپڑا کا نام پایا گیا ہے، جبکہ حقیقت میں انہوں نے اس جگہ سے ویکسین لگوائی ہی نہیں۔
این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ میجسٹریٹ جے پریادرشنی کا کہنا ہے کہ بہار کے ضلع ارول کے کرپی ہیلتھ سینٹر میں ویکسین شدہ افراد کی فہرست کا حال ہی میں معائنہ کیا گیا جس کے بعد دو کمپیوٹر آپریٹرز کو معطل کر دیا گیا ہے۔
اس فہرست میں وزیراعظم نریندر مودی، سونیا گاندھی اور پرینکا چوپڑا کے علاوہ بالی وڈ سٹار اکشے کمار اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے نام بھی شامل تھے۔
ان فہرستوں کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مقامی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
جے پریادرشنی کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں پتا چلے گا کہ کیسے اور کس کے کہنے پر ڈیٹا فراڈ کیا گیا۔
’یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے۔ ہم بہت کوشش کر رہے ہیں کہ ٹیسٹنگ اور ویکسینیشن میں تیزی لائیں اور پھر ایسی بے قاعدگیاں ہورہی ہیں۔ صرف کرپی میں نہیں ہم تمام طبی مراکز کا معائنہ کریں گے اور ایف آئی آر درج کروائی جائے گی۔ ہم کارروائی کریں گے اور معیار طے کریں گے۔‘
بہار کے وزیر صحت منگل پانڈے کا کہنا تھا کہ ’میں نے ڈسٹرکٹ میجسٹریٹ اور چیف میڈیکل افسر سے بات کی ہے اور انہیں دیگر ہسپتالوں کے ڈیٹا کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ کوئی غلطیاں نہ ہوں۔ اگر ہوں تو ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔‘
اس فہرست میں اکشے کمار اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے نام بھ شامل تھے (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ان معاملات کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ اگر ایسے مزید کیسز سامنے آئے تو کارروائی کی جائے گی۔‘
وزیر صحت سے پٹنا میں ڈیٹا فراڈ کے واقعے کے بارے میں سوال کیا گیا جس میں کورونا وائرس کی دوسری خوراک کے لیے ویکسینیشن سینٹر جانے والوں کو کہا گیا تھا کہ انہیں دونوں خوراکیں لگ چکی ہیں۔
اس پر وزیر صحت نے جواب دیا کہ ’یہ تکنیکی معاملات ہیں۔ ہم سسٹم میں غلطیوں کی گنجائش نہیں چھوڑ سکتے۔ اگر آپ غلطی کریں گے تو آپ کو کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔‘