انہوں نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ 'پروٹوکول کے مطابق ان کے تمام پرائمری اور سیکنڈری رابطوں کا سراغ لگایا گیا ہے اور ان کی جانچ کی جا رہی ہے۔‘
انڈیا نے ابھی تک بین الاقوامی سفر پر کوئی نئی پابندی عائد نہیں کی ہے لیکن پیر کو وزارت صحت نے 'خطرے والے ممالک' سے آنے والے تمام مسافروں کو لازمی کورونا ٹیسٹ کرنے کا حکم دیا۔
ملک کے سب سے بڑے شہر ممبئی نے بدھ کو خطرے سے دوچار ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کے لیے سات دن کا قرنطینہ لازمی قرار دے دیا۔
'اومی کرون' اس وبائی مرض سے لڑنے کی عالمی کوششوں کے لیے ایک نیا چیلنج ہے، جس کی وجہ سے متعدد ممالک دوبارہ پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔
یہ وبائی مرض کے آغاز کے بعد سے سامنے آنے والی کورونا وائرس کی بالکل نئی شکل ہے۔ کورونا وائرس کی نئی اقسام میں ڈیلٹا ویریئنٹ بھی شامل ہے، جس کا پہلا کیس انڈیا میں اکتوبر 2020 میں سامنے آیا تھا۔
کورونا وائرس کی تباہ کن لہر کی وجہ سے اپریل اور جون کے درمیان دو لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور ہسپتال اور قبرستان بھر گئے۔
یہ تباہی دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماعات میں سے ایک کمبھ میلے کے بعد ہوئی جس میں تقریباً ڈھائی کروڑ ہندو یاتریوں نے شرکت کی تھی۔
انڈیا امریکہ کے بعد دوسرا ملک ہے جہاں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس وقت تک تصدیق شدہ کیسز کی تعداد تین کروڑ 40 لاکھ سے زائد ہے۔