Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات نے 50 درہم کا نیا نوٹ جاری کردیا

نیا نوٹ بینکوں کی تمام شاخوں میں جلد دستیاب ہوگا (فائل فوٹو: عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات نے پچاسویں قومی دن کی مناسبت سے 50 درہم کا نیا بینک نوٹ جاری کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق منگل کو 50 درہم کے نئے نوٹ کی لانچنگ تقریب میں متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں نے بھی شرکت کی۔
نیا نوٹ جاری کرنے کا اقدام متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان اور ملک کے پہلے حکمران کی نسل کو خراج تحسین پیش کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے جس طرح سے انہوں نے ملک کو متحد کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا۔
یہ ملک میں جاری ہونے والا پہلا پولیمر بینک نوٹ ہے۔
اس موقع پر امارات کے نائب وزیراعظم اور مرکزی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شیخ منصور بن زاید النہیان نے کہا کہ نیا نوٹ جاری کرنے سے عرب امارات نئے دور میں داخل ہوگا اور ترقی کی راہ پر گامزن رہنے کا ایک مرتبہ پھر عہد کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 50 درہم کا نیا نوٹ جاری کرنے سے ملک کے بانیوں کو سراہنے اور ان کا شکریہ ادا کرنے کا موقع بھی فراہم ہوا ہے۔
نئے بینک نوٹ کے سامنے والے حصے پر سابق حکمران شیخ زاید بن سلطان النہیان کے علاوہ بانیوں کی ایک ساتھ کھڑے ہوئے تصویر بھی شائع کی گئی ہے۔
نوٹ کے پچھلی طرف بھی سابق حکمران شیخ زاید بن سلطان النہیان کی تصویر شائع کی گئی ہے جس میں وہ یونین معاہدے پر دستخط کر رہے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت تمام سات ریاستیں متحد ہوئیں اور متحدہ عرب امارات کا جھنڈا پہلی مرتبہ لہرایا گیا۔
سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق نیا نوٹ جلد ہی مرکزی بینک کی تمام شاخوں اور اے ٹی ایم میں دستیاب ہوگا جبکہ پچاس درہم کا حالیہ نوٹ بھی استعمال میں رہے گا۔
پولیمر کرنسی نوٹ روایتی کاغذی نوٹوں کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ہوتے ہیں جنہیں ری سائیکل بھی کیا جا سکتا ہے جس سے ماحول کو کم سے کم نقصان پہنچتا ہے۔

شیئر: