Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیرس میں گرفتار شخص کا جمال خاشقجی قتل سے کوئی تعلق نہیں: سعودی وزارت خارجہ

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے امید ظاہر کی گئی ہے کہ پیرس میں گرفتار ہونے والے سعودی شہری کو رہا کیا جائے گا (ٖفائل فوٹو)
سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جمال خاشقجی قتل سے تعلق کے شبہے پر پیرس میں گرفتار کیے جانے والے شخص کا ’کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘
وزارت خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والے بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے شخص کو ’فوری طور پر رہا‘ کیا جائے۔
عرب نیوز کے مطابق بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’جمال خاشقجی قتل کیس میں شک کی بنیاد پر گرفتار کیے جانے والے سعودی شہری کے حوالے سے مملکت کا سفارت خانہ فرانس کو یہ وضاحت دینا چاہتا ہے کہ جو کچھ میڈیا میں رپورٹ ہوا، وہ غلط ہے اور گرفتار کیے جانے والے شخص کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں، اس لیے سعودی سفارت خانہ ان کی فوری رہائی کی توقع کرتا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’سفارت خانہ ایک بار پھر یہ کہنا چاہتا ہے کہ سعودی عدلیہ جمال خاشقجی کے قتل کے گھناؤنے جرم میں شریک افراد کو پہلے ہی سزا دے چکی ہے۔ اور اس وقت وہ سب سزا کاٹ رہے ہیں۔‘
اس سے قبل ایک سعودی سرکاری اہلکار کی جانب سے منگل کو کہا گیا تھا کہ گرفتاری کی رپورٹ درست نہیں اور غلط شناخت کی بنیاد پر کیس بنایا گیا ہے۔
روئٹرز کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال پر سعودی عرب کے سرکاری اہلکار نے کہا تھا کہ ’جن افراد کو اس کیس میں سزا سنائی گئی ہے وہ اس وقت سعودی عرب میں سزائیں کاٹ رہے ہیں۔‘

شیئر: