سندھ حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں میں ساتھ دے: عمران خان
وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کا افتتاح کیا (فائل فوٹو)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو وفاقی حکومت کے ساتھ ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صحت کارڈ کے منصوبے میں شامل ہونا چاہیے۔
جمعے کو کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا گروتھ انجن ہے تاہم اس کے ٹرانسپورٹ سسٹم پر کبھی توجہ نہیں دی گئی۔
’کوئی بھی شہر جدید سفری سہولتوں کے بغیر نہیں چل سکتا۔‘
ہر ملک میں ایک اہم شہر ہوتا ہے جیسا امریکہ میں نیو یارک، یہی کردار پاکستان میں کراچی کا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ کراچی کو 50 سال سے دیکھتے آ رہے ہیں اور انہوں نے اس کو ٹرانسفارم ہوتے بھی دیکھا۔
’ہم نے کراچی کو روشنیوں کے شہر سے کھنڈر بنتے دیکھا۔‘
وزیراعظم کے مطابق انہیں یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوتا ہے کہ کراچی میں اشیا کی قیمتیں مختلف ہیں۔
’یہاں آٹے کا تھیلہ ڈھائی سو روپے مہنگا ہے، اور یہ فرق غریب کے لیے بہت بڑا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ مل کر کام کیا جائے تو یہ فرق ختم ہو جائے گا۔
عمران خان کے بقول کراچی میں بھی پاکستانی رہتے ہیں، اس لیے وہ سندھ حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں ساتھ دے۔
انہوں نے لاہور میں راوی سٹی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بھی ایسے منصوبے بننے چاہییں۔
وزیراعظم نے بنڈل آئی لینڈ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے اس سے متعلق این او سی دے کر واپس لے لیا تھا، حالانکہ اس کا سب سے زیادہ فائدہ کراچی کو ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’سندھ حکومت سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ اسے بنڈل آئی لینڈ کی اجازت دینی چاہیے۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ اور بنڈل آئی لینڈ ضروری منصوبے ہیں سندھ حکومت کو ان پر توجہ دینی چاہیے۔
’سندھ کے لوگوں کو بھی صحت کارڈ کی سہولت ملنی چاہیے۔‘