Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تم لوگوں کا کام جلنا ہے۔۔۔ جلتے رہو‘

پیر کو قرنطینہ سے وزیراعظم عمران خان کی تصویر ان کے معاون خصوصی شہباز گل نے شیئر کی تھی (فوٹو: پی ٹی آئی)
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کورونا کے مرض میں مبتلا ہونے کے پانچویں روز ہی اپنی میڈیا ٹیم کے اجلاس کی صدارت کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کے زد میں ہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ایس او پیز پر عمل نہ کرکے عوام کو غلط پیغام دے رہے ہیں۔
سینیٹر شبلی فراز نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’وزیراعظم بنی گالہ میں آج اپنی میڈیا ٹیم کے ساتھ‘۔ اس تصویر میں وزیر اعظم عمران خان، سینیٹر شبلی فراز، ذولفی بخاری، سینیٹر فیصل جاوید، سیکرٹری ٹو وزیر اعظم اورملٹری سیکرٹری موجود ہیں۔
اس ٹویٹ کے بعد سینیٹر فیصل جاوید نے بھی ٹویٹ کیا اور نیا ٹرینڈ متعارف کراتے ہوئے ہیش ٹیگ پی ایم ایٹ ورک لکھا کہ ’ماشاءاللہ وزیر اعظم بالکل ٹھیک ٹھاک ہیں اور گھر سے کام کر رہے ہیں، ایس او پیز کو فالو کرتے ہوئے اجلاس بھی کر رہے۔‘
اس اجلاس میں شریک تمام افراد نے ماسک بھی پہن رکھے ہیں اور قدرے فاصلہ رکھ کر بیٹھے ہیں اس کے باوجود سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔
سوشل میڈیا صارف ماہ رخ بیگ مرزا نے لکھا کہ ’اتنی کون سے ضرورت آن پڑی تھی کہ ایک کورونا مریض کے ساتھ میٹنگ کی جا رہی ہے۔ یہ تو خود کورونا پھیلا رہے ہیں دوسروں کو کیا روکیں گے۔ پہلے خود عمل کریں پھر تلقین کریں۔۔۔۔‘
صارف جاوید اقبال نے ٹویٹ میں طنز کیا کہ ’کورونا وائرس کا شکار بتا کر قرنطینہ میں 6 دن سے بیٹھے عمران نیازی کی بغیر ماسک پہنے اپنے یاروں سے گپ شپ۔ ملاقات میں عمران نیازی نے کورونا کی تیسری لہر کو شدید خطرناک قرار دیا اور ایس او پیز پر لازمی عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی۔‘
وزیراعظم عمران خان کے مداحوں کے ٹوئٹر ہینڈ عمران خان فین نے ملاقات پر ہونے والی ٹویٹ کے جواب میں کہا کہ’ کام کریں تو مسئلہ اور ایک دن فارغ رہیں تو مسئلہ۔۔۔ تم لوگوں کا کام جلنا ہے۔۔۔ جلتے رہو۔‘
ایک ٹویٹر ہینڈل ڈریمر نے لکھا کہ ’میں نے وزیر اعظم عمران خان سے سمارٹ لاک ڈاؤن کی اصطلاح سنی تھی۔ اب ایک نئی اصطلاح ’سمارٹ کورنٹائن‘ بھی سیکھ لی ہے۔‘

صحافی رضوان غلزئی نے لکھا کہ ’خان صاحب اپنے اوپر تنقید کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ ویسے میرا خیال ہے یہ تصویر جاری کر کے قوم کو پیغام دیا گیا ہے کورونا کو معمولی وائرس سمجھ کر اس کے ساتھ زندگی گزاریں۔‘
عنبرین پی ٹی آئی نے بھی وزیراعظم کی ملاقات پر کہا کہ’اللہ پاک ایسے ہی وزیر اعظم کو ہشاش بشاش اور صحت مند رکھے۔ آمین۔‘

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور خاتون اول بشریٰ بی بی کورونا مثبت آنے کی وجہ سے گزشتہ پانچ روز سے قرنطینہ میں ہیں۔

شیئر: