ہیٹی میں ٹرک دھماکہ، کم از کم 50 افراد ہلاک
کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی جل گئی ہیں (فوٹو: روئٹرز)
شمالی امریکہ کے ملک ہیٹی کے دوسرے بڑے شہر کیپ ہیٹین میں ایک فیول ٹیکر کے دھماکے میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نصف شب کے قریب گیسولین نے لدا ایک ٹرک شہر کے مشرقی حصے میں الٹ گیا تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کو شہر کے میئر پیئر یوروز نے بتایا کہ مقامی ہسپتال میں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے تاہم اس حادثے میں زخمی ہونے والے کل افراد کی تعداد سامنے نہیں آسکی۔
جزائر غرب الہند میں واقع یہ چھوٹا سا ملک رواں سال جرائم پیشہ گروہوں کی جانب سے پرتشدد لہر کا شکار رہا ہے۔ تقریباً ایلک ماہ تک ان گروہوں کی جانب سے فیول ڈپو سے ٹرکوں کی نقل حرکت بند رہی اور کئی کاروبار بند ہونے پر مجبور رہے۔ گذشتہ ماہ فیول کی رسد دوبارہ شروع ہوگئی تھی۔
امدادی کارکنوں کی جانب سے جائے وقوعہ کو صاف کیا جا رہا ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کو ٹرکوں کے ذریعے منتقل کیا گیا ہے۔
نامہ نگاروں کے مطابق اس دھماکے سے گھروں اور دکانوں کو نقصان پہنچنے علاوہ کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی جل گئی ہیں۔
حکومت کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
ہیٹی میں اقوام متحدہ کے دفتر کا کہنا ہے کہ ان کے ادارے نے مقامی حکومت کو امداد فراہم کی ہے اور ہلاک ہونے والوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔