انا عربیہ نمائش: خواتین ڈیزائنرز اور ان کا کام ایک ہی چھت کے نیچے
انا عربیہ نمائش: خواتین ڈیزائنرز اور ان کا کام ایک ہی چھت کے نیچے
بدھ 15 دسمبر 2021 5:29
کشمیر کی دستکاری، کھانا، فیشن اور آرٹ بھی نمائش میں پیش کیے جا رہے ہیں ( فوٹو:عرب نیوز)
انا عربیہ نمائش میں دنیا بھر کے معروف فیشن برانڈز حصہ لے رہے ہیں جس میں خواتین ڈیزائنرز کی سب سے زیادہ تعداد ایک ہی چھت کے نیچے اپنی تخلیقات پیش کر رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض سیزن کے 14 زونز میں سے ایک ریاض فرنٹ میں 10 دسمبر کو نمائش کا آغاز ہوا ہے۔
’امیجن مور‘ کے نعرے کے تحت نمائش میں 250 سے زائد برانڈز رکھے گئے ہیں جن میں سے 128 پہلی بار ریاض میں ہیں۔
نمائش میں جیولری، فیشن اور پرفیومز پیش کیے جا رہے ہیں جن میں بین الاقوامی برانڈز بشمول باززا، تیمرزا اور ایل ایٹیلیئر نوبار شامل ہیں۔
ٹریژرآف کشمیر کی مالک رابعہ خان جو کہ وادی کی دستکاری، کھانا، فیشن اور آرٹ دکھا رہی ہیں۔
انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’نمائش میں حصہ لینے کے لیے کشمیر سے آئی ہوں اور میرے کڑھائی کے فن پاروں کی بہت مانگ ہے۔ سعودی عرب ایک مضبوط مارکیٹ ہے، یہاں سردی پڑ سکتی ہے اس لیے یہ میرے کاروبار کے لیے بہترین ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ریاض سیزن میں اناعربیہ جیسا خوبصورت خیال آیا۔‘
ڈیزائن سوسائٹی بوتھ کے ذریعے عبایہ فروخت کرنے والی ڈیزائنر سارہ یمانی نے کہا کہ ’یہ ایک زبردست جگہ ہے جس میں بہت سے سعودی ڈیزائنرز شامل ہیں اور ہم انا عربیہ میں اس لیے آئے ہیں۔ عرب دنیا اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے یہاں آ رہی ہے۔ ہم ریاض سیزن کا حصہ بن کر بہت خوش ہیں۔‘
بین الاقوامی مصری ڈیزائنر فریدہ تمراز جو تمراز کی مالک ہیں نے بتایا کہ انہیں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی اور ریاض سیزن کے چیئرمین ترکی الشیخ کی جانب سے نمائش میں مصر کی نمائندگی کے لیے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں انا عربیہ کی تنظیم سے بہت متاثر ہوں۔ یہ جگہ حیرت انگیز ہے اور اس کا اچھا ماحول ہے۔‘
تمراز نے ایک نیا فیشن کلیکشن، ٹیمپاورمنٹ پیش کیا جو فیشن کے مختلف شعبوں میں عرب خواتین کی طاقت اور بااختیار ہونے پر اپنے فخر کا اظہار کرتا ہے۔
اناعربیہ نمائش آج 15 دسمبر تک جاری رہے گی اور اسے ریاض سیزن کی جھلکیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، جس میں خوبصورتی، فن اور فیشن کا امتزاج ہے۔