امارات میں کرسمس تقریبات کے لیے ایس او پیز کیا ہیں؟
تقریب کے شرکا (الحصن ) ایپ کے ذریعے گرین پاس دکھائیں گے( فوٹو گلف نیوز)
متحدہ عرب امارات کے حکام نے نئے سال اور کرسمس تقریبات سے متعلق کورونا ایس او پیز کا اعلان کیا ہے۔
تقریب کو 80 فیصد گنجائش تک استعمال کیا جائے۔ شرکا (الحصن ) ایپ کے ذریعے گرین پاس دکھائیں گے جبکہ انہیں 96 گھنٹے کے اندر پی سی آر ٹیسٹ کا رزلٹ بھی فراہم کرنا ہوگا۔
الامارات الیوم کے مطابق امارات میں قدرتی آفات اور ایمرجنسی حالات کے نگراں قومی ادارے کے ترجمان طاہر العامری نے بتایا کہ ’حکومت نئے سال اور کرسمس کے موقع پر تمام اداروں کو مطلوبہ سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے پرعزم ہے۔ وبا سے بچاو کےلیے تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا‘۔
طاہر العامری نے کہا کہ’ امارات میں کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لینے والوں کی تعداد سوفیصد ہے جبکہ دونوں خوراکیں لینے والوں کی شرح 91.26 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ حکومت بڑے پیمانے پر ویکسین کی خوراکیں فراہم کیے ہوئے ہے‘۔
انہوں نے کرسمس اور نئے سال کی تقریبات منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ رش نہ ہونے دیں، آمد و رفت کو منظم کریں۔ شرکا بند مقامات پر ماسک مسلسل استعمال کریں۔ رش والی جگہوں پر بھی اس کا اہتمام کریں اور ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ برقرار رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ’ تفتیشی مہم جاری رہے گی۔ تمام لوگ سماجی فاصلے اور ایس او پیز کی پابندی کریں‘۔