برطانیہ کے یورو مانیٹر انٹرنیشنل نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ دبئی دنیا کے 100 بہترین سیاحتی شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
اماراتی جریدے البیان نے یورو مانیٹر انٹرنیشنل کے حوالے سے بتایا کہ ’2020 اور 2021 کے دوران دبئی نے سیاحت کے شعبے میں دنیا بھرمیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔‘
مزید پڑھیں
-
چند ماہ میں چار لاکھ آن لائن سیاحتی ویزے جاریNode ID: 623506
رپورٹ کے مطابق ’دبئی حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لیے زبردست انتظامات کیے اور دبئی کو دنیا بھر کے کامیاب ترین شہروں میں نمایاں کردیا۔‘
دبئی نے 2021 کے دوران دنیا کے دس بہترین شہروں میں شمولیت کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔ یہ ترقی پذیر ریاستوں میں واحد شہر ہے جس نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے یہاں صحت و سلامتی کا اعلیٰ ترین معیار ہے۔
دبئی نے معاشی اور تجارتی کارکردگی کے حوالے سے پوری دنیا میں آٹھویں، ورکرز اور آپریشنل سٹینڈرڈز کے حوالے سے دنیا میں دوسری اور آبادیاتی حوالے سے چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے۔
دبئی شہر نے یہ اعزازات مختلف حوالوں سے حاصل کیے۔ ایک بڑا سبب یہ بھی ہے کہ دبئی حکومت نے پرائیویٹ سیکٹر کو معاشی مسائل سے تحفظ فراہم کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دبئی نے کورونا وبا سے نمٹنے میں بہترین کردار ادا کیا۔ اس کی بدولت ریٹیل اورغذائی اشیا فراہم کرنے والے ادارے تیزی سے بحال ہو گئے۔