Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات تین جنوری سے

این سی او سی کے مطابق فیصلے سے وہ علاقے مستثنیٰ ہوں گے جہاں دھند اور موسم کی شدت زیادہ ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان کے تعلیمی اداروں میں آئندہ سال تین جنوری سے موسم سرما کی تعطیلات دینے کا فیصلہ ہے۔
جمعے کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، ڈاکٹر فیصل سلطان اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات تین جنوری سے ہوں گی، فیصلے سے وہ علاقے مستثنیٰ ہوں گے جہاں دھند اور موسم کی شدت زیادہ ہے۔
اس سے قبل اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے وزارت تعلیم کے ایڈیشنل سیکریٹری محی الدین وانی نے بتایا تھا کہ تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیاں جنوری میں منتقل کرنے کی تجویز اس لیے سامنے آئی ہے تاکہ سکولوں میں جاری کورونا ویکسینیشن مہم کو بروقت مکمل کیا جا سکے اور اس کا تسلسل نہ ٹوٹے۔
یاد رہے کہ اس وقت تعلیمی اداروں میں 12 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر اس عمر کے افراد کو امریکہ کی فائزر ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

شیئر: