ورلڈ کپ میں انڈیا کی ’تاریخی‘ جیت کی کہانی، فلم ’83‘ سینما میں
رنویر سنگھ کپل دیو جبکہ دیپکا پاڈوکون کپل دیو کی اہلیہ کا کردار ادا کر رہی ہیں (فوٹو:رنویر سنگھ انسٹاگرام)
1983 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں انڈیا کی جیت پر مبنی فلم ’83‘ آج جمعے کو سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔ فلم کی کہانی 1983 کے ورلڈکپ کی فاتح انڈین ٹیم کے گرد گھومتی ہے جس کے کپتان کپل دیو تھے۔
'83' میں کپل دیو کا کردار مشہور اداکار رنویر سنگھ ادا کر رہے ہیں جبکہ اداکارہ دپیکا پاڈوکون کپل دیو کی اہلیہ رومی بھاٹیہ کے روپ میں نظر آئیں گی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کپل دیو جنہیں انڈیا کے بہترین کھلاڑی کے طور پر جانا جاتا ہے، کی قیادت میں انڈیا نے انگلینڈ میں ٹورنامنٹ کا آغاز کیا تھا اور دو مرتبہ کے دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر پہلی بار عالمی کپ اپنے نام کیا تھا۔
اے ایف پی کو انٹرویو میں 62 سالہ کپل دیو نے بتایا کہ ’کوئی توقعات نہیں تھیں۔ سارے میڈیا کی توجہ آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز کی جانب تھی اور سارا دباؤ دیگر ٹیموں پر تھا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہم پر کوئی دباؤ نہیں تھا اس لیے ہم لطف اندوز ہو رہے تھے۔ میرا خیال ہے کہ جب ہم آدھا کھیل کھیل چکے تو ہم سب کو یہ لگنے لگا تھا کہ ہم ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں اور یہی وہ وقت تھا جب سب بدل گیا۔‘
فلم کے ہدایتکار کبیر خان کا کہنا ہے کہ ’مجھے تاریخی واقعے پر فلم بنانے کے لیے یہ سہولت میسر تھی کہ مجھے یہ بتانے کے لیے کہ یہ سب کیسے ہوا، کھلاڑی موجود ہیں۔‘
بدھ کو اس فلم کی خصوصی نمائش میں فلم میں کام کرنے والے اداکاروں اور 1983 کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی حقیقی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی۔