’بیجو باورا‘ کے لیے رنویر سنگھ سنجے لیلا بھنسالی کی ’فائنل چوائس‘؟
رنویر سنگھ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم رام لیلا، باجی راؤ مستانی اور پدماوت میں اداکاری کر چکے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وڈ کے مشہور ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے جب فلم ’بیجو باورا‘ کا اعلان کیا تھا اس وقت سے ہی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں کہ ان کی اس فلم میں ہیرو کون ہوگا؟
پہلے کارتک آرین کا نام لیا گیا اور پھر رنبیر کپور کو کاسٹ کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آئیں لیکن اب یہ کہا جا رہا ہے کہ اس فلم کے لیے رنویر سنگھ سے رابطہ کیا گیا ہے۔
انڈین میگزین انڈیا ٹو ڈے کے مطابق اگر معاملات طے پا گئے تو رنویر سنگھ کی سنجے لیلا بھنسلالی کے ساتھ یہ چوتھی فلم ہوگی۔ اس سے پہلے وہ سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایتکاری میں بننے والی ’گولیوں کی راس لیلا رام لیلا‘، ’باجی راؤ مستانی‘ اور ’پدماوت‘ جیسی ہٹ فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ’رنویر سنگھ کا نام فائنل کر لیا گیا ہے، ابھی آفیشلی اس کا اعلان باقی ہے اور اس حوالے سے مزید کچھ چیزیں طے کرنی ہیں جس کے بعد بھنسالی خود اس حوالے سے بتا دیں گے۔ تاہم ابھی تک جو معاملات ہیں ان کے مطابق رنویر کا نام فائنل ہے۔‘
انڈیا ٹو ڈے نے یش راج فلمز اور سنجے لیلا بھنسالی کی ٹیم سے اس بارے میں جاننے کے لیے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
بھنسالی پروڈکشنز کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے دو سال پہلے اس پراجیکٹ کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس فلم کے علاوہ رنویر سنگھ کبیر خان کی فلم ’83‘ میں نظر آئیں گے جس کی کہانی 1983 میں انڈین کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں فتح پر مبنی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ عالیہ بھٹ کے ساتھ کرن جوہر کی ’روکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کریں گے اور روہت شیٹی کی فلم ’سرکس‘ میں بھی انہیں کاسٹ کیا گیا ہے۔