امارات میں پروٹین پر مشتمل کورونا ویکسین کی منظوری
امارات میں پیر کو کورونا وائرس کے 1,732 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
متحدہ عرب امارات نے سائنو فارم کی پروٹین پر مشتمل کورونا وائرس ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے جو آئندہ برس جنوری میں بوسٹر خوراک کے طور پر عوام کے لیے دستیاب ہوگی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے پیر کو سرکاری میڈیا پر جاری ایک بیان میں بتایا ہے کہ ’ویکسین متحدہ عرب امارات کے ’گروپ 42‘ اور چائنہ نیشنل فارماسوٹیکل گروپ کے ایک یونٹ چائنہ نیشنل بائیو ٹیک گروپ (سی این بی جی) کے مشترکہ منصوبے کے تحت تیار اور تقسیم کی جائے گی۔‘
وزارتِ صحت نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’ویکسین کی منظوری متحدہ عرب امارات میں مقیم افراد پر ایک تحقیق کے بعد دی گئی ہے۔‘
اس تحقیق میں وہ افراد شامل تھے جنہیں سائنو فارم سی این بی جی کی غیر فعال ویکسین کی دو خوراکیں دی جاچکی ہیں۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں پیر کو کورونا وائرس کے 1732 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ایک ہلاکت کی اطلاع ہے۔
حکام نے بتایا کہ تقریباً ایک کروڑ کی آبادی میں سے 91 فیصد مکمل طور پر ویکسین شدہ ہیں۔