دہلی میں کورونا کیسز میں اضافہ، تعلیمی ادارے دوبارہ بند
کورونا کیسز کی مثبت شرح میں اضافے کے بعد تعلیمی ادارے بند کر دیے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے سکولز اور کالجز دوبارہ بند کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
انڈین ٹی وی ٹائمز ناؤ کے مطابق حکومت نے منگل کو یہ احکامات جاری کیے تاکہ شہر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پایا جا سکے۔
کورونا وائرس کے کیسز کی شرح 0.5 فیصد تک پہنچنے کے بعد دہلی کی انتظامیہ نے ییلو الرٹ جاری کردیا ہے۔
گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان کی جانب سے تجاویز کی بنیاد پر حکومت نے سکول اورر کالجز سمیت تمام تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ تمام سینیما گھر بھی بند کیے جائیں گے جبکہ مالز کو متبادل دن کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔
احکامات کے مطابق دفاتر میں زیادہ سے زیادہ پچاس فیصد عملے کو کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
دہلی میں پیر کے روز 331 نئے کیسز سامنے آئے تھے جس سے مثبت کیسز کی شرح 0.5 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے۔
مثبت کیسز کی شرح میں اضافے کے بعد ییلو الرٹ جاری کیا گیا جس کے تحت نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
گزشتہ روز حکومت نے تعلیمی اداروں کے لیے سردیوں کی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا جو یکم سے 15جنوری تک جاری رہیں گی۔ اس دوران سکولوں میں کسی قسم کی آئن لائن یا آف لائن سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔