Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دہلی والوں کو کوئی نہیں ہرا سکتا‘: سکول کے باہر بینڈ باجے اور ڈانس کی ویڈیو وائرل

انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں چھوٹے بچوں کی کلاسز تقریباً 19 ماہ بعد نومبر کے پہلے ہفتے میں شروع ہوئی ہیں اور لگتا ہے والدین سکول کھلنے سے کافی زیادہ خوش ہیں۔
ان بچوں کے سکول کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بند کیے گئے تھے۔
جب یکم نومبر کو سکول کھلے تو نئی دہلی کا خاندان اپنے بچے کو سکول ایسے چھوڑنے گیا جیسے بارات جا رہی ہو۔
ٹوئٹر پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دہلی کے علاقے ڈھؤلا کنواں کے سکول کے باہر ایک گروپ بینڈ باجا بجا رہا ہے اور والدین لال ہونیفارم میں ملبوس بچے کو نچا رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف سفیر آنند کے مطابق یہ ویڈیو نئی دہلی میں واقع ’سپرنگ ڈیلز سکول‘ کے باہر بنائی گئی تھی، تاہم انہوں نے یہ نہیں لکھا کہ یہ ویڈیو کس تاریخ کو بنائی گئی تھی۔
دیگر سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو بھی مزاح سے بھرپور تبصرے کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر اراتی کادو نامی صارف نے لکھا کہ ’میں بالکل ایسی ہی پیرنٹ بنوں گی جو سکول کھلنے پر گانے والے بینڈ کو ہائر کرتے ہیں۔‘

ابھیشیک نامی صارف نے لکھا کہ ’دہلی والوں کو کوئی نہیں ہراسکتا۔ انہیں بس جشن منانے کا بہانہ چاہیے۔‘
’سلومون‘ نامی صارف نے لکھا کہ ’وہ جشن منا رہے ہیں کیونکہ ان کے بچے واپس سکول چلے گئے اور اب انہیں گھر پر بچوں کا پورا دن خیال رکھنے کی فکر نہیں کرنی پڑے گی۔‘
مونیش نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں سکولوں کے بند ہونے کو بچوں کی سزا سے ملاتے ہوئے کہا ’سر جی، بچوں نے گھر میں بیٹھے بیٹھے زندگی کی سب سے بڑی سزا دیکھی ہے۔ یہ یقیناً جشن کا موقع ہے،‘
تاہم سکول کھلنے کی یہ خوشی زیادہ دیرپا ثابت نہیں ہوئی کیونکہ دہلی سرکار نے فضائی آلودگی بڑھنے کے سبب 15 نومبر سے سکول ایک بار پھر ایک ہفتے کے لیے بند کر دیے ہیں۔

شیئر: