Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کے رافیل کا توڑ پاکستانی جے 10 سے ہوگا: شیخ رشید

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف واپس آئیں یا نہ آئیں، کوئی فرق نہیں پڑتا (فوٹو: پی آئی ڈٰ)
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ انڈیا کے رافیل طیارے کے توڑ کے طور پر 23 مارچ کو پاکستان کا جے 10 فلائی پاسٹ کرے گا۔
بدھ کو راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے ایک مرتبہ پھر اپوزیشن کو لانگ مارچ کو 23 سے 30 مارچ تک ملتوی کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے تمام ہیڈ کوارٹرز جی ٹی روڈ پر ہیں۔
’خود بھی خراب ہوں گے اور مجھے بھی قانون کی عملداری پر مجبور کریں گے۔‘
وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ منی بجٹ سے کوئی قیامت نہیں آ جائے گی، اس کو منظور کرایا جائے گا۔
’روپے اور ڈالر کو مستحکم رکھنے کے لیے منی بجٹ ضروری ہے۔‘
نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے واپس آنا ہے تو آئیں، نہیں آنا نہ آئیں، کوئی فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے ایک بار پھر نواز شریف کو ون وے ٹکٹ کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بتائیں کب آنا ہے۔
’تین لوگ تو موجود ہیں، سیاسی تابوت کو کندھا دینے کے لیے چوتھے کی ضرورت پڑتی ہے۔‘
خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اب مولانا فضل الرحمان یہ نہیں کہہ سکیں گے کہ انہوں نے کسی الیکشن میں حصہ نہیں لینا۔
شیخ رشید کے بقول پانچویں سال میں حکومت مہنگائی پر قابو پا لے گی اور اگلا الیکشن عمران خان کی قیادت میں لڑیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر پارٹی چاہتی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اس کے سر پر ہاتھ رکھے جبکہ اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے کہ وہ منتخب حکومت کے ساتھ ہے۔
نالہ لئی پراجیکٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں کسی غریب کو تنگ نہیں کیا جائے گا۔
’کوئی پلازہ بنانا چاہتا ہے بنائے، حکومت نقشہ دے گی، کسی کو روکے گی نہیں۔‘

شیئر: