Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ بالواسطہ رابطے میں ہیں: شیخ رشید

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف واپس آنا چاہتے ہیں تو وہ اپنی جیب سے ٹکٹ آفر کرتے ہیں(فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ براہ راست نہیں بلکہ بالواسطہ رابطے میں ہے، جبکہ افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف اپنی زمین استعمال نہ ہونے دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اتوار کو کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب ان سے نواز شریف کی واپسی کی افواہوں کے حولے سے سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف نے واپس آنا ہے تو آ جائیں، اپنی جیب سے ٹکٹ آفر کرتا ہوں۔‘
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ویسے بھی باہر بیٹھ کر عدلیہ پر اور فوج پر وار کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
’ان کے خاندان کے تین لوگ پہلے ہی سیاست کر رہے ہیں، وہ بھی بسم اللہ کریں۔‘
شیخ رشید نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی، کچھ نہیں ہونے جا رہا۔
خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے نتائج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود حکومت کے ووٹ کم نہیں ہوئے۔
ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کے ساتھ بات چیت ہو سکتی ہے؟ اس سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ بات چیت نہیں ہو سکتی۔ ’ان پر قتل و غارت اور بدامنی کے الزامات ہیں۔‘
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ بلدیاتی الیکشن پورے ہونے تک چار سال پورے ہو چکے ہوں اور پانچواں سال تو الیکشن کا ہوتا ہے۔
شیخ رشید نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کے بارے میں عوام کا جو بھی خیال ہو لیکن یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ شریف خاندان اور زرداری نے بہت زیادہ کرپشن کی ہے۔

شیئر: