Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 7، تمام ویکسین شدہ تماشائیوں کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت

سٹیڈیم میں آنے والے تمام تماشائیوں اور منتظمین کے لیے فیس ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال لازمی ہوگا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں مکمل ویکسین شدہ 100 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دے دی ہے۔
این سی او سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو یہ اجازت دینے کا فیصلہ بدھ کو ہونے والے اجلاس میں کیا۔
پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن آئندہ برس 27 جنوری سے 27 فروری تک کھیلا جائے گا۔
این سی او سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کورونا کیسز کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے اس فیصلے پر نظرثانی بھی کی جاسکتی ہے۔
’ایونٹ شروع ہونے سے قبل جنوری تک تیسرے ہفتے میں ایک بار پھر کورونا کیسز کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد اس بارے میں حتمی فیصلہ ہوگا۔‘
سٹیڈیم میں 12 برس اور اس سے زائد عمر کے تماشائیوں کے لیے مکمل ویکسینیشن لازمی ہوگی اور کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کی ذمہ داری پی سی بی کی ہوگی۔
این سی او سی کا مزید کہنا ہے کہ سٹیڈیم میں آنے والے تمام تماشائیوں اور منتظمین کے لیے فیس ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال لازمی ہوگا۔
’ایونٹ کے موقع پر پی سی بی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنائے گا۔‘

شیئر: