مملکت سے پٹرول عطیے کی ساتویں کھیپ یمن پہنچ گئی
آئندہ دنوں میں 30 ہزار میٹرک ٹن فیول عدن پہنچایا جائے گا- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب نے پٹرول عطیے کی ساتویں کھیپ یمن پہنچا دی- متعلقہ اداروں اور تکنیکی ٹیموں نے ڈیزل ٹینکر یمن پہنچتے ہی معائنے کی کارروائی مکمل کرلی-
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی عرب یمن کے بجلی گھروں کو چلانے کے لیے تیل اور ڈیزل مفت فراہم کررہا ہے- اس حوالے سے مملکت نے چھٹی کھیپ بھی یمن پہنچا دی تھی-
یمن کے خبررساں ادارے نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ فیول ٹینکر پر 60 ہزار میٹرک ٹن ڈیزل لدا ہوا تھا- عدن کی پٹرولیم بندرگاہ پہنچ گیا-
پروگرام کے مطابق آئندہ چند ایام کے دوران 30 ہزار میٹرک ٹن مزید فیول عدن پہنچایا جائے گا-
پروگرام کے مطابق عدن اور دیگر صوبوں کے بجلی گھروں کو خصوصی کوٹہ سسٹم کے تحت سعودی عرب سے بھیجا گیا فیول تقسیم ہوگا- اس کی قیمت 422 ملین ڈالر ہے- مملکت یمنی حکومت کے زیراثر علاقوں کے 80 بجلی گھروں کو چلانے کے لیے 12 لاکھ 60 ہزار 850 میٹر ٹن فیول فراہم کررہا ہے-
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن کے متعدد صوبوں کے لیے گیارہ ٹرکوں پر ضروری امدادی سامان لاد کر الودیعہ بری سرحدی چوکی کے راستے یمن بھجوا دیا- ان پر 850 راشن تھیلے، 3 ہزار 938 گرم ملبوسات کے بیگ، 240 رہائشی سامان اور 240 خیمے لدے ہوئے ہیں- ان کا مجموعی وزن 129 ٹن 396 کلو گرام ہے-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں