یمن کے لیے 430 ملین ڈالر سعودی امداد کا اعلان
سعودی عرب گزشتہ 5 برس میں یمن کو 17 ارب 3 لاکھ ڈالر دے چکا ہے(فوٹو ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے نگران اعلی و مشیر ایوان شاہی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ ’یمن کی مدد کے لیے اقوام متحدہ کے انسانیت نواز پروگرام برائے 2021 کی مد میں سعودی عرب 430 ملین ڈالردے گا‘۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق الربیعہ نے یہ اعلان پیر کو اقوام متحدہ، سوئٹزرلینڈ اور سویڈن کی سرپرستی میں یمن کے لیے ڈونرز کانفرنس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ ورچوئل کانفرنس نیویارک میں ہورہی ہے۔
ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے نئے کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کو درپیش غیرمعمولی حالات میں یمن کے لیے امدادی ورچوئل کانفرنس کے انتظامات پر سوئٹزرلینڈ، سویڈن اور اقوام متحدہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ کانفرنس سے اہل یمن کے انسانی مسائل کے پائیدار حل برآمد ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’یمن بڑے انسانی المیے کا شکار ہے۔ کووڈ 19 کے باعث اقتصادی و صحت مسائل، ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے پیدا کیے جانے والے بحرانوں خصوصا یمن میں گھر سے بے گھر اہل یمن کی پناہ گاہ مارب پر حوثیوں کے حملوں سے صورتحال مزید بگڑ گئی ہے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب گزشتہ 5 برس کے دوران یمن کو 17 ارب 3 لاکھ ڈالر کی مدد دے چکا ہے۔ یمن کے سینٹر بینک کی 2 ارب ڈالر سے مدد کرچکا ہے۔
علاوہ ازیں سعودی عرب میں سکونت پذیر یمنی بھائیوں کےلیے 8 ارب 133 ملین ڈالر کی مدد دے چکا ہے۔
یمنی حکومت کو 199 ملین ڈالر پیش کرچکا ہے- ترقیاتی شعبوں میں 296 ملین 7 لاکھ 42 ہزار ڈالر کی مدد دے چکا ہے جبکہ شاہ سلمان مرکز کے ذریعے فروری 2021 تک 575 منصوبوں پر 3 ارب 500 ملین ڈالر خرچ کرچکا ہے۔