Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اللوز‘ پہاڑ پربرفباری، درجہ حرارت منفی تک پہنچ گیا

مناظر سے لطف اندوز ہونے کےلیے سیاحوں کی بڑی تعداد اللوز پہاڑ پرپہنچ گئی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب کے تبوک ریجن میں موسم سرما کی برفباری کا آغاز ہو چکا ہے۔ برف باری کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہونے کےلیے اندرون اور بیرون مملکت سے سیاحوں کی بڑی تعداد تبوک کے مشہور پہاڑ’اللوز‘ پرپہنچ رہی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق قانون نافذ کرنےوالے ادارے کی جانب سے اللوز پہاڑ کو جانے والی شاہراہ کو احتیاطی تقاضے کے تحت عارضی طورپربند کردیا ہے۔
ریجن کے مختلف قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی جانب سے احتیاطی اقدامات کے تحت اللوز پہاڑکو جانے والے راستوں پرعارضی امدادی چوکیاں بھی قائم کردی ہیں تاکہ وہاں آنے والوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر فوری امداد مہیا کی جاسکے۔
شہری دفاع کی جانب سے تبوک ریجن کے مغربی پہاڑی علاقے میں جانے والوں کو احتیاطی اقدامات کی پابندی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بارش اور برفباری کے دوران شاہراہوں پرسفرکرتے وقت انتہائی احتیاط برتی جائے۔

سیاحوں کا کہنا تھا کہ یہاں پہنچ کرایسا لگتا ہے یہ کوئی مغربی ملک ہے(فوٹو،  ایس پی اے)

واضح رہےتبوک ریجن کے پہاڑی علاقے ’جبل اللوز‘ اور ’علقان‘ میں ان دنوں برف باری کاآغاز ہوچکا ہے وہاں درجہ حرارت منفی تک ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہورہا ہے۔
اللوز پہاڑپربرفباری کے خوبصورت مناظر دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پہاڑ نے سفید چادر اوڑھ لی ہے جس کی وجہ سے خوبصورت مناظر سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرلیتے ہیں۔
مملکت کے دیگر شہروں کے علاوہ عرب ریاستوں سے بھی سیاح اللوز پہاڑ کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے وہاں پہنچ گئے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ’قطر‘ سے آنے والے دوسیاحوں کا کہنا تھا کہ یہاں آکر یقین نہیں آتا کہ ہم سعودی عرب میں ہیں ۔
قطر سے آنے والے ایک اورشخص کا کہنا تھا کہ جب ہم نے یہاں کے منظر اپنے رشتہ داروں کو ارسال کیے تو انہیں بھی یقین نہیں آیا کہ یہ سعودی عرب ہے۔ رشتہ داروں کو یقین دلانے کے لیے ہم نے شاہراہوں پرگزرنے والی گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں کو فوکس کیا تاکہ انہیں یقین دلا سکیں کہ ہم سعودی عرب میں ہی ہیں جہاں برفباری کے خوبصورت مناظر دیکھ کریہ گمان ہوتا ہے کہ یہ کوئی مغربی ملک ہے

شیئر: