Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تبوک میں منفی 10.2 ریکارڈ، سردی کی لہر جاری رہے گی

مکہ اور نجران ریجنوں کے متعدد مقامات کا موسم  بھی غیر مستحکم رہے گا۔ (فوٹو سبق)
ماہر موسمیات ڈاکٹر عبد اللہ المسند نے کہا ہے کہ  تبوک کے بالائی علاقہ الظہر میں ریکارڈ سردی ہوئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ٹوئٹر اکاؤنٹ پر انہوں نے کہا ہے کہ ’الظہر نامی علاقے میں آج جمعرات کو صبح 7 بجے درجہ حرارت منفی 10.2 ریکارڈ کی گئی ہے جہاں پورے بالائی علاقے میں تیز برفیلی ہوا چلتی رہی‘۔
دوسری طرف سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے  جمعرات 18 فروری کو سعودی عرب میں ممکنہ طور پر موسمی تغیرات کی پیشگوئی کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ  جمعرات قصیم، ریاض، مشرقی ریجن، جازان، عسیر اور الباحہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مکہ مکرمہ اور نجران ریجنوں کے متعدد مقامات کا موسم  بھی غیر مستحکم رہے گا۔ 
قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے وسطی، مشرقی اور شمالی علاقہ جات میں گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر انتہائی محدود ہو جائے گی جبکہ درجہ حرارت کم ہو گا۔ 

سب سے کم درجہ حرارت ایک سینٹی گریڈ طریف اور تبوک میں ہوگا۔ (فوٹو سبق)

بیان میں کہا گیا کہ جمعرات کو سعودی عرب میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 31 سینٹی گریڈ  شرورۃ اور سب سے کم درجہ حرارت ایک سینٹی گریڈ طریف اور تبوک میں ہو گا۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب سرد لہر کی زد میں ہے۔ مملکت بھر میں درجہ حرارت کم ہے۔ سردی کی یہ لہر ویک اینڈ تک جاری رہے گی۔ 
ماہر موسمیات خالد الزعاق کا کہنا ہے کہ حدود شمالیہ، تبوک، طریف، عرعر، رفحا، حفر الباطن، الجوف، حائل، قصیم اور دیگر علاقوں میں سردی کی یہ لہر اس ہفتے کے آخر تک برقرار رہے گی۔

شیئر: