امریکی وزیر دفاع میں کورونا وائرس کی تصدیق، ’ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے‘
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اہم میٹنگز میں آن لائن شرکت کریں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لائیڈ آسٹن میں ہلکی علامات کے ساتھ وائرس کی تصدیق اتوار کو ہوئی۔ وہ اگلے پانچ دنوں کے لیے گھر میں قرنطینہ کریں گے لیکن ساتھ ہی اپنی تمام ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔
لائیڈ آسٹن ویکسین شدہ ہیں اور انہوں نے بوسٹر خوراک بھی لگوائی ہے۔
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ علامات محسوس کرنے سے تقریباً ایک ہفتے قبل ان کی 21 دسمبر کو صدر جو بائیڈن سے ملاقات ہوئی تھی۔
’ڈاکٹروں نے مجھے بتایا ہے کہ ’میرے مکمل طور پر ویکسین شدہ ہونے اور اکتوبر کے اوائل میں بوسٹر خوراک لگوانے سے انفیکشن معمول سے کئی زیادہ ہلکا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ گھر میں چھٹیوں کے دوران علامات محسوس کرنے پر انہوں نے اتوار کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروانے کی درخواست کی تھی۔
خیال رہے اومی کرون ویریئنٹ کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
روئٹرز کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں حکام نے سنیچر کو کم از کم تین لاکھ 46 ہزار 869 کورونا وائرس کیسز رجسٹر کیے ہیں۔
امریکہ میں 377 مزید اموات سے یہ تعداد آٹھ لاکھ 28 ہزار 562 پر پہنچ گئی ہے۔
تاہم اپنی ذمہ داریوں سے متعلق وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ وہ اہم اجلاس اور مذاکرات میں آن لائن شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں۔
لیکن انہوں نے کہا ہے کہ کچھ معملات میں نائب وزیر دفاع کیتھلین ہکس ان کی نمائندگی کریں گی۔