Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیپیٹل ہل پر دھاوے کی پہلی سالگرہ: ’ٹرمپ ہار نہ قبول کرنے والے جھوٹے شخص ہیں‘

جو بائیڈن نے اسی جگہ تقریر کی جہاں ٹرمپ کے حامیوں نے 6 جنوری کو دھاوا بولا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں کیپیٹل ہل پر حملے کی پہلی سالگرہ کے موقع پر امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے تقریر کرتے ہوئے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہار نہ قبول کرنے والا جھوٹا شخص کہہ دیا۔ جواباً ڈونلڈ ٹرمپ نے جو بائیڈن کی تقریر کو ’سیاسی تھیٹر‘ قرار دے دیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر جو بائیڈن نے امریکہ میں جمہوریت کے دفاع کا عزم کیا اور کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ’خود غرض جھوٹے شخص ہیں جو اپنی ہار تسلیم نہیں کرسکے۔‘
کانگریس کے ہال، جہاں ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے دھاوا بولا تھا، میں پرجوش تقریر کرتے ہوئے جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک سال تک نظرانداز کرنے کے بعد بالآخر اپنی خاموشی توڑ دی۔
جو بائیڈن کا ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات سے متعلق کہنا تھا کہ ’امریکہ کے سابق صدر نے 2020 کے انتخابات سے متعلق جھوٹ کا جال بچھایا۔‘
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا موقف ہے کہ 2020 کے صدارتی انتخابات کو فراڈ کے ذریعے جیتا گیا تھا۔ کئی ری پبلکنز اب بھی اس بات کو سچ سمجھتے ہیں۔
جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ ’انہوں (ڈونلڈ ٹرمپ) نے ایسا کیا کیونکہ وہ طاقت کو اصول پر اہمیت دیتے ہیں، کیونکہ وہ ملک کے مفاد پر ذاتی مفاد کو اہم سمجھتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’امریکہ اور دنیا کے بیشتر ممالک جمہوریت اور آمریت کے درمیان جنگ میں پھنسے ہوئے ہیں۔‘
’میں کسی کو بھی جمہوریت کے گلے پر خنجر رکھنے نہیں دوں گا۔۔۔‘
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جو بائیڈن کی جمعرات کو کی جانے والی تقریر صرف ’سیاسی تھیٹر‘ تھی۔
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جو بائیڈن نے ’امریکہ کو مزید تقسیم کرنے کے لیے آج میرا نام استعمال کیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ سیاسی تھیٹر صرف اس حقیقت کے لیے ایک خلفشار ہے کہ بائیڈن مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔‘

شیئر: